موجودہ سیکورٹی حالات کے پیش نظر سکیورٹی معاملات میں کسی قسم کا کمپرومائز نہیں کیا جائے گا، ڈی پی او ایبٹ آباد

پیر 19 اگست 2019 22:40

ایبٹ آباد۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 19 اگست2019ء) پولیس کلب ایبٹ آباد میں محرم الحرام 2019ء کے سلسلہ میں امن و امان کے قیام کو برقرار رکھنے کے حوالہ سے ضلع بھر کے ممبران امن کمیٹی کے ہمراہ اہم میٹنگ کا انعقاد کیا گیا جس کی صدارت ضلعی پولیس سربراہ ایبٹ آباد عباس مجید خان مروت نے کی۔ میٹنگ میں ایس پی انوسٹی گیشن عزیز خان آفریدی، ایڈیشنل ایس پی ایبٹ آباد قمر حیات خان، ایس پی ٹریفک وارڈن محمد اشتیاق، جنرل (ر) ایاز سلیم رانا و دیگر ممبران ڈی آر سی ایبٹ آباد و حویلیاں، ٹریڈ یونین کے رہنما، پریس کلب کے سینئر اراکین، امن کمیٹی کے ممبران، علماہ کرام، اہل تشیع کونسل کے عہدیداران، ایس ڈی پی اوز و سرکل کینٹ کے ایس ایچ اوز صاحبان نے شرکت کی۔

میٹنگ کے دوران محرم الحرام کے دوران سیکورٹی انتظامات اور ضلع بھر میں منعقد ہونے والی مجالس اور ماتمی جلوسوں کے متعلق بات چیت ہوئی اور تمام امور کا سیکورٹی اور امن و امان کے حوالہ سے تفصیلی جائزہ لیا گیا۔

(جاری ہے)

اس موقع پر ضلعی پولیس سربراہ نے محرم الحرام کے دوران قانون کی بالادستی اور شہر کے امن و امان کو مدنظر رکھتے ہوئے تمام ممبران کو ان کی ذمہ داریوں کے متعلق آگاہی دی اور خطاب کرتے ہوئے کہا کہ یہ شہر آپ کا اپنا ہے، اس کی پرامن فضا کو برقرار رکھنے کیلئے جتنی ذمہ داری انتظامیہ کی ہے اتنا ہی حق امن کمیٹی کے ممبران، علماء، تاجروں، میڈیا اور تمام مکاتب فکر سے تعلق رکھنے والے افراد کا ہے، موجودہ سیکورٹی حالات کے پیش نظر سیکورٹی کے حوالہ سے کسی قسم کا کمپرومائز نہیں کیا جائے گا، کسی بھی شخص کو وال چاکنگ سمیت کسی بھی قسم کی شرپسندانہ اقدام کی اجازت نہیں ہو گی۔

اس سلسلہ میں متعلقہ شخص کے خلاف سخت سے سخت کاروائی عمل میں لائی جائے گی، آپ کے تعاون اور امداد سے تمام تر وسائل بروئے کار لاتے ہوئے ہماری پوری کوشش ہے کہ محرم الحرام کا مہینہ جو سب کیلئے قابل احترام اور عقیدت رکھتا ہے، میں کسی قسم کی کوئی شرپسندی کسی بھی فرقے کی طرف سے نہ ہو، پوری امید ہے کہ شہر کے امن کی خاطر آپ ہر طرح سے انتظامیہ کے ساتھ بھرپور تعاون کریں گے۔

اس دوران خطاب کرتے ہوئے ضلعی پولیس سربراہ نے کہا کوشش کریں کسی بھی غیر روائتی جلوس یا مجالس سے اجتناب کریں، محرم الحرام کے دوران لائوڈ سپیکر کے غیر ضروری استعمال، اشتعال انگیز اور شرانگیز تقاریرسے پرہیز کریں، امن کمیٹی کے اراکین، مجالس کے آرگنائزرز، میڈیا، ٹریڈ یونین اور دیگر کو باقاعدہ کارڈ جاری کئے جائیں گے جو ماتمی جلوسوں کے دوران انتظامیہ کے ساتھ شانہ بشانہ موجود رہیں گے، بغیر چیکنگ کے کسی بھی شخص کو جلوس میں داخلہ کی اجازت نہیں دی جائے گی لہذا انتظامیہ کے ساتھ مکمل تعاون کریں۔ آخر میں ضلعی پولیس سربراہ عباس مجید خان مروت نے میٹنگ میں شرکت پر شکریہ ادا کیا۔