کشمیر کے معاملے پر کوئی اختلاف نہیں، اپوزیشن اور حکومت کی تجاویز کا جائزہ لے کر متفقہ فیصلہ کرینگے

ْوزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کی پارلیمانی قومی سلامتی کمیٹی کے اجلاس کے بعد میڈیا سے گفتگو

پیر 19 اگست 2019 22:53

کشمیر کے معاملے پر کوئی اختلاف نہیں، اپوزیشن اور حکومت کی تجاویز کا ..
اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 19 اگست2019ء) وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ کشمیر کے معاملے پر کوئی اختلاف نہیں، اپوزیشن اور حکومت کی تجاویز کا جائزہ لے کر متفقہ فیصلہ کرینگے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے پیر کو پارلیمانی قومی سلامتی کمیٹی کے اجلاس کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا کہ کمیٹی کا پہلا اجلاس بہت اچھے ماحول میں ہوا، ارکان کمیٹی نے کچھ تجاویز دیں، ڈی جی ایم اوز اور وزارت خارجہ نے اپنی بریفنگ دی۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ اپوزیشن اور حکومت کی تجاویز کا جائزہ لیکر متفقہ فیصلہ کریںگے، کشمیر کے معاملے پر کوئی اختلاف نہیں۔ شاہ محمود قریشی نے کہا کہ بھارت نے کشمیر پر یکطرفہ اقدام اٹھایا، بھارتی اقدام کی پاکستان، کشمیر اور بھارت کے اندر مخالفت ہوئی۔ انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم کی ہدایت پرتہمینہ جنجوعہ (آج) منگل کو جنیوا روانہ ہوں گی، تہمینہ جنجوعہ اقوام متحدہ انسانی حقوق سیل میں جائیں گی۔ شاہ محمود قریشی نے کہا کہ جنیوا میں مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کا معاملہ اٹھایا جائے گا۔