عدنان سمیع خان کے ایک اور متنازع بیان نے بھونچال مچا دیا

معروف گلوکار نے کشمیر کو بھارت کا اٹوٹ انگ قرار دے دیا

Sajjad Qadir سجاد قادر منگل 20 اگست 2019 06:29

عدنان سمیع خان کے ایک اور متنازع بیان نے بھونچال مچا دیا
لاہور ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 20 اگست2019ء)   وطن عزیز میں دوہری شہریت کا مسئلہ تو رہا ایک طرف مگر یہاں اپنے ملک کو تج کر کے دوسرے ملک کی شہریت حاصل کرتے ہوئے وہاں ہمیشہ کے لیے ڈیرے جما لینے والوں کی کمی بھی نہیں ہے۔معروف گلوکار عدنان سمیع کا شمار بھی ایسے ہی لوگوں میں ہوتا ہے جنہوں نے پاکستانی شہریت کو لات مارتے ہوئے بھارت جیسے ملک میں رہنے کو ترجیح دی۔

یہی نہیں بلکہ اب وہ بھارت کو خوش کرنے کے لیے اکثر پاکستان کے خلاف بیان دیتے بھی نظر آتے ہیں۔کئی بار وہ بھارت نواز اور پاکستان مخالف بیانوں کی وجہ سے مداحوں کی طرف سے تنقید کا نشانہ بھی بنتے رہے ہیں۔تاہم گزشتہ دنوں کشمیر ایشو کے حوالے سے دیے گئے ان کے بیان پر سوشل میڈیا صارفین نے عدنان سمیع کا بھرکس نکال دیا ہے۔

(جاری ہے)

بھارتی شہریت حاصل کرنے والے گلوکارعدنان سمیع خان نے مقبوضہ کشمیر کو بھارت کا اٹوٹ انگ قرار دے دیا۔

گلوکار کو سوشل میڈیا پر ایک پاکستانی مداح نے احساس دلایا کہ وہ بھارت کی جانب سے رواں ماہ 5 اگست کو مقبوضہ کشمیر کی خصوصی حیثیت ختم کیے جانے پر کوئی بیان دیں۔پاکستانی مداح نے عدنان سمیع خان کو کہا کہ ’اگر ان میں تھوڑی بھی احساس باقی ہے تو وہ کشمیر سے متعلق کوئی بیان دیں‘۔پاکستانی مداح کے جواب میں عدنان سمیع خان نے بھارت سے وفاداری نبھاتے ہوئے وادی کشمیر کو قابض بھارت کا اٹوٹ انگ قرار دیا۔

عدنان سمیع خان نے پاکستانی مداح کو جواب دیا کہ ’ضرور: مقبوضہ کشمیر بھارت کا اٹوٹ انگ ہے اور تم لوگوں کو ایسی چیزوں میں ٹانگ نہیں اڑانی چاہیے جو تمہاری نہیں‘۔عدنان سمیع خان کی جانب سے مقبوضہ کشمیر کو بھارت کا حصہ قرار دیے جانے پر انہیں نہ صرف پاکستانی بلکہ دیگر مداحوں نے بھی تنقید کا نشانہ بنایا اور لکھا کہ وہ بھارت اور نریندر مودی سے اپنی وفاداری نبھا رہے ہیں۔

15 اگست کو پاکستان اور مقبوضہ کشمیر میں بھارت کے یوم آزادی کو یوم سیاہ کے طور پر منائے جاتے وقت عدنان سمیع خان کی جانب سے وادی کشمیر سے متعلق متنازع بیان دینے پر انہیں لوگوں نے پاکستان کی پیدائش اور گزرا وقت بھی یاد دلایا۔ایک مداح نے ان سے سوال کیا کہ آج بھارت کی تعریف کرنے والے کے والد کہاں پیدا ہوئے اور کہاں ان کی موت ہوئی؟مداح کے جواب میں عدنان سمیع خان نے لکھا کہ ان کے والد 1942 میں برٹش انڈیا میں پیدا ہوئے اور 2009 میں بھارت میں چل بسے۔ عدنان سمیع خان نے 2014 کے بعد پاکستان چھوڑا اور انہیں انڈیا نے 2015 میں شہریت دینے کا فیصلہ کیا تھا۔عدنان سمیع خان کو یکم جنوری 2016 کو بھارتی شہریت دی گئی، جس پر اداکار نے جشن بھی منایا تھا۔