شامی جنگی طیاروں کی فیلق الشام کی گاڑیوں پربمباری،ایک رکن جاں بحق

ترکی کے حمایت یافتہ گروپ ادلب میں داخل، بشار اور روس کی فوج کی بم باری کا سلسلہ جاری

منگل 20 اگست 2019 13:09

شامی جنگی طیاروں کی فیلق الشام کی گاڑیوں پربمباری،ایک رکن جاں بحق
دمشق (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 20 اگست2019ء) شام میں انسانی حقوق کے سب سے بڑے نگراں گروپ المرصد نے بتایا ہے کہ اس وقت شام کے شمال مغرب میں ترکی کی عسکری گاڑیوں کے نزدیک ٹھکانوں پر فضائی حملوں کا سلسلہ جاری رہے۔میڈیارپورٹس کے مطابق المرصد نے بتایاکہ ترکی کا حمایت یافتہ ایک عسکری قافلہ ادلب کے جنوبی دیہی علاقے میں خان شیخون قصبے کے اطراف ایک پوائنٹ قائم کرنے پر کام کر رہا ہے۔

ترکی کی فوجی گاڑیوں کی سپورٹ کے ساتھ گروپوں کا ایک قافلہ ادلب میں داخلہ ہوا تاکہ علاقے پر بشار کی فوج کے حملوں کے خلاف اپوزیشن کے جنگجوؤں کی مدد کی جا سکے۔المرصد نے بتایا کہ بشار حکومت کی فورسز اور روس نے قافلے کو پیش قدمی سے روکنے کے لیے بم باری کی۔اپوزیشن کے زیر انتظام میڈیا کے مطابق ترکی کی عسکری کمک جنوبی ادلب کے دیہی علاقے کا رخ رکے گی اور عسکری قافلہ خان شیخون کے اطراف ایک پوائنٹ قائم کرے گا۔

(جاری ہے)

سوشل میڈیا پر جاری وڈیو کلپ میں ایک عسکری قافلے کو ادلب کے دیہی علاقے میں معرہ شہر کے نزدیک بین الاقوامی شاہراہ پر رواں دواں دیکھا گیا جو جنوب کی سمت جا رہا تھا۔ قافلے میں فوجی ٹینک اور بی ایم بی بکتر بند گاڑیاں شامل تھیں۔معلومات سے اس امر کی تصدیق ہوئی ہے کہ بشار کی فوج نے معرہ شہر میں ترکی کے حمایت یافتہ گروپ "ف?لق الشام" کے قافلے کو نشانہ بنایا۔

شامی اپوزیشن کی نیوز ویب سائٹس کے مطابق 28 فوجی گاڑیوں پر مشتمل ایک قافلہ معری النعمان شہر کی جانب جا رہا تھا۔ قافلے میں 7 فوجی ٹینک اور گولہ بارود سے لدے 6 ٹرک بھی شامل تھے۔شامی حکومت کے جنگی طیاروں نے فیلق الشام کی گاڑیوں کو نشانہ بنایا۔ اس کے نتیجے میں گروپ کا ایک رکن جاں بحق اور تین زخمی ہو گئے۔دوسری جانب بشار حکومت نے ادلب صوبے کے جنوب میں عسکری قافلے کے داخلے کی مذمت کی ۔ یہ پیش رفت خان شیخون کے شمال مغربی اطراف میں بشار کی فوج کے داخل ہونے کے ایک روز بعد سامنے آئی ۔