یمنی صدر کا ایران کے مقابلے سے توجہ ہٹانے کی ہرکوشش ناکام بنانے کا مطالبہ

یمن کی اعلیٰ سطحی قیادت کا اجلاس،علیحدگی پسندوں کو تمام سرکاری تنصیبات آئینی حکومت کے حوالے کرنے کی اپیل

منگل 20 اگست 2019 13:11

یمنی صدر کا ایران کے مقابلے سے توجہ ہٹانے کی ہرکوشش ناکام بنانے کا مطالبہ
صنعاء (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 20 اگست2019ء) یمن کے صدر ربہ منصور ھادی نے خطے میں ایرانی رسوخ اور یمن میں حوثی ملیشیا کی مدد کی شکل میں ایرانی مداخلت کے خلاف جاری مہم سیتوجہ ہٹانے کی ہرکوشش ناکام بنانے پرزور دیا ہے۔یمنی قوم میں ایرانی حمایت یافتہ حوثی باغیوں سے چھٹکارا حاصل کرنے اور ملک متحد رکھنے کے ساتھ آگے لے جانے کی پوری صلاحیت موجود ہے۔

عرب ٹی وی کے مطابق یمن کی اعلیٰ سطحی قیادت کے اجلاس سے خطاب میں صدر ھادی اور دیگر رہ نمائوں نے عبوری دارالحکومت عدن میں حالیہ ایام میں عبوری کونسل کے زیرانتظام عسکری گروپوں کی جانب سے سرکاری تنصیبات پرقبضے اور مسلح بغاوت کے اقدام کے مضمرات پرغورکیا گیا۔اس موقع پر یمنی صدر نے ملک میں امن وامان کی بحالی، ایرانی مداخلت روکنے اور حوثی ملیشیا سمیت دیگر دہشت گرد گروپوں کے خلاف موثر جنگ پر سعودی عرب کے کردار کو سراہا۔

(جاری ہے)

انہوں نے عرب اتحادی فوج کی طرف سے جاری اس بیان کا بھی بھرپور خیرمقدم کیا جس میں عدن میں عبوری کونسل کی طرف سے کیے گئے باغیانہ اقدام کی مذمت کے ساتھ علیحدگی پسندوں کو تمام سرکاری تنصیبات آئینی حکومت کے حوالے کرنے پرزور دیا گیا تھا۔اجلاس میں سعودی عرب کی مساعی سے عدن میں علاحدگی پسند کونسل کی بغاوت ختم کرنے کے حوالے سے طے پائے معاہدے پرعمل درآمد بھی غورکیا گیا۔صدر عبد ربہ منصور ھادی کا کہنا تھا کہ یمن کی تاریخ اس بات کی گواہ ہے کہ ہماری قوم نے ہمیشہ ہراندرونی اور بیرونی سازشوں کو ناکام بنانے میں کامیابی حاصل کی۔ یمن کی تہذیب کا اصل تشخص عرب ہے اور قوم اسے ایران کے ہاتھوں یرغمال نہیں بننے دے گی۔