Live Updates

پاکستان کرکٹ بورڈ کا آئین تبدیل ،وزیراعظم کااہم ترین اختیار ختم

چیئر مین پی سی بی کو ہٹانے کااختیار وزیر اعظم عمران خان سے واپس لے لیا گیا

Zeeshan Mehtab ذیشان مہتاب منگل 20 اگست 2019 13:05

پاکستان کرکٹ بورڈ کا آئین تبدیل ،وزیراعظم کااہم ترین اختیار ختم
لاہور(اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 20 اگست2019ء) وفاقی حکومت نے پاکستان کرکٹ بور ڈ کے نئے آئین کا نوٹیفکیشن جاری کر دیا ہے ، نئے آئین میں چیئرمین پی سی بی کو ہٹانے کیلئے وزیراعظم کے تمام اختیارات ختم کر دیئے گئے ہیں۔تفصیلات کے مطابق نئے آئین کے مطابق چیئرمین پی سی بی بورڈ آف گورنرز کو جواب دے ہو گا ، چیئرمین برطرفی ، گورننگ بورڈ کی تحلیل پر پارٹ 7 مبینہ طور پر نکال دیا گیا ہے ، پی سی بی کے 2014 ءکے آئین میں وزیراعظم کے پاس بطور پیٹرن انچیف کے اختیارات تھے۔

سابق چیئرمین بورڈ نجم سیٹھی ، ذکاءاشرف کو چیئرمین کرکٹ بورڈ کے عہدے سے اس وقت کے وزرائے اعظم کی ہدایت پر ہٹایا گیا تھا تاہم اب نئے آئین کے مطابق وزیراعظم کے پاس یہ اختیارنہیں ہو گا۔ نئے آئین کے مطابق پیٹرن انچیف کا کرداربھی محدود کردیا گیا ہے جو ضرورت پڑنے پر بورڈ کو مختلف ہدایات نظرثانی کیلئے بھیج سکے گا جبکہ سابقہ آئین میں پیٹرن انچیف کی جانب سے بھیجی گئی تمام سفارشات پر عملدرآمد لازمی تھا۔

(جاری ہے)

خیال رہے پاکستان کرکٹ بورڈ کے پیٹرن ان چیف وزیراعظم عمران خان ہیں۔ذرائع کے مطابق ترمیمی آئین میں چیئرمین پی سی بی کے پالیسی فیصلوں سے متعلق پیٹرن انچیف کو آگاہ کرنے کی شق بھی ختم کر دی گئی ہے۔اسکے علاوہ چیئرمین کا اہم تعیناتیوں کیلئے چیف ایگزیکٹو آفیسر اور بورڈ آف گورنرز سے منظوری لینا لازمی قرار دیا گیا ہے جبکہ قومی ٹیم کے کپتان اور نائب کپتان کی تعیناتی کیلئے چیئرمین، چیف ایگزیکٹو آفیسر اور سلیکشن کمیٹی سے مشاورت کرنا ضروری ہو گی۔

نئے آئین کی روشنی میں چیئرمین پی سی بی سالانہ کارکردگی رپورٹ اے جی ایم کے سامنے پیش کرنے کے پابند ہوں گے جبکہ انکی عدم موجودگی میں تمام اختیارات وائس چیئرمین کو سونپے جائیں گے۔وائس چیئرمین کی تعیناتی پی سی بی آئین کے مطابق بورڈ آف گورنرز کرےگا اور انکی عدم موجودگی میں اختیارات سی ای او کے سپرد ہوں گے۔پاکستان کرکٹ بورڈ کے سی ای او کی تعیناتی اور ذمہ داریوں کا تعین چیئرمین کی سفارش پر بورڈ آف گورنرز کرےگا۔نئے آئین کے مطابق سی ای او اپنی کوئی ذمہ داری کسی بھی افسر کو سونپ سکتے ہیں لیکن اس پہلے چیئرمین کو آگاہ کرنا ضروری ہو گا۔ذرائع نے بتایا ہے کہ سی ای او کی غیرموجودگی یا برطرفی کی صورت میں چیئرمین عارضی اختیارات کسی بھی افسر کو سونپنے کے مجاز ہوں گے۔
Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات