کوئلے سے چلنے والے بجلی گھر کا فعال ہونا خوش آئند ہے ،خادم حسین

منگل 20 اگست 2019 16:14

کوئلے سے چلنے والے بجلی گھر کا فعال ہونا خوش آئند ہے ،خادم حسین
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 20 اگست2019ء) پاکستان سٹون ڈویلپمنٹ کمپنی کے بور ڈ آف ڈائریکٹرز کے رکن خادم حسین سینئر نائب صدر خادم حسین ایگزیکٹو ممبرلاہور چیمبر آف کامرس نے پاک چین اقتصادی راہداری (سی پیک) منصوبہ کے تحت 2ارب ڈالر مالیت کے کوئلے سے چلنے والے بجلی گھی کے کامیاب کمرشل آپریشن کے آغاز اور اس منصوبہ سے ایک ہزار320میگا واٹ بجلی کی پیداوار شروع ہونے کو خوش آئند قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ بجلی کی وافر پیداوار سے توانائی بحران اور بجلی کی لوڈ شیڈنگ کا خاتمہ ہوگا جبکہ وافر بجلی کی فراہمی سے صنعتی شعبہ ترقی کرے گا۔

ان خیالات کااظہار انہوںنے فیروز پور بورڈ کے تاجروں کے وفد سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔خادم حسین نے کہا کہ بجلی گھر کی تعمیر حب پاور کمپنی اور چائنا پور انٹرنیشنل ہولڈنگ کا مشترکہ منصوبہ اور سی پیک سمجھوتے کے تحت ابتداء میں شامل کیے گئے توانائی منصوبوں کا حصہ ہے، اس منصوبہ کی تکمیل سے توانائی کے شعبے میں پاکستان کے خودمختار ہونے کے خواب کی تعبیر ہے، پاک چین ہم آہنگی کے نتیجے میں انجینئرنگ کی کارکردگی میں اضافہ اور پاکستان کو وافر مقدار میں سستی بجلی فراہم کرنے کا آغاز ہوا ہے۔

(جاری ہے)

انہوںنے کہا کہ برآمدات میں اضافہ کیلئے صنعتی شعبہ کیلئے سستی بجلی کی فراہمی ناگزیر ہے، منصوبہ کی تکمیل اور پیداوار کے شروع ہونے کے بعد حکومت صنعتی شعبہ کے لیے بجلی کی قیمتوں میں کمی کرے ۔