Live Updates

پنجاب میں11 ہزار 104 ایکڑ رقبے پر ہائی ایفیشینسی نظام آبپاشی کی تنصیب کا کام مکمل

منگل 20 اگست 2019 17:11

راولپنڈی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 20 اگست2019ء) محکمہ زراعت پنجاب نے ایک برس میں 11 ہزار 104 ایکڑ رقبے پر ہائی ایفیشینسی نظام آبپاشی کی تنصیب کا کام مکمل کیا۔زرعی ترجمان نے ’’اے پی پی‘‘ کو بتایاکہ وزیر اعلٰی پنجاب عثمان بزدار کی خصوصی ہدایات پر وزیر اعظم عمران خان کے وژن کے مطابق محکمہ زراعت پنجاب زرعی ترقی کے فروغ کے لیے کوشاں ہے اور اس ضمن میں جدید زرعی مشینری اور تیکنیکس کے استعمال کو فروغ دیا جا رہاہے۔

ترجمان نے قومی خبر ایجنسی کو بتایاکہ پنجاب میں آبپاش زراعت کی پیداواری صلاحیت بڑھانے کیلئے 67 ارب روپے کی مالیت سے جاری پراجیکٹ کے تحت کاشتکاروں کو سبسڈی کے تحت ڈرپ و سپرنکلر نظام آبپاشی کی تنصیب، غیر اصلاح شدہ آبپاش کھالہ جات کو پختہ، غیر نہری علاقوں میں آبپاش سکیموں کی اصلاح اور بارشی پانی کو جمع کرنے کے لئے تالابوں کی تعمیر جاری ہے تاکہ پانی کے ضیاع میں کمی واقع ہو اور کاشتکاروں کو "ٹیل اینڈ" پربھی یکساں پانی دستیاب ہو سکے۔

(جاری ہے)

ترجمان نے بتایاکہ اس پراجیکٹ کے تحت حکومت پنجاب کاشتکاروں کو مجموعی لاگت کا 60 فیصد سبسڈی فراہم کر رہی ہے جبکہ باقی 40 فیصد کاشتکار ادا کرتا ہے ۔ سرکاری خبر رساں ادارے کو دستیاب اعدادو شمار کے مطابق اس پراجیکٹ کے تحت گذشتہ مالی سال میں 924 کھالہ جات کی اصلاح کاکام مکمل کیا گیا اور 11 ہزار 104 ایکڑ رقبے پر ہائی ایفیشینسی نظام آبپاشی کی تنصیب کی گئی ۔

اس جاری پراجیکٹ کے تحت کاشتکاروں کو ڈرپ نظام آبپاشی کی تنصیب کی سہولیات پر بھی سبسڈی فراہم کی جا رہی ہے۔ ڈرپ نظام آبپاشی کے ذریعے پانی لگانے کے لیے درکار وقت بھی روائتی طریقہ آبپاشی کی نسبت کم ہوتا ہے۔ ڈرپ آبپاشی میں کھاد اور دیگر زرعی مداخلات برابر مقدار میں پودوں کی جڑوں میں داخل ہوتے ہیں اس لیے پودوں کی بہتر نشوونما ہوتی ہے۔ ایسی زمینیں جو غیر ہموار، پوٹھواری یا ریگستانی ہوں وہاں ڈرپ سسٹم ایک بہترین نظام آبپاشی ہے۔ کاشتکار اس جاری منصوبہ سے فائدہ اٹھانے کے لئے ضلعی سطح پر قائم اصلاحِ آبپاشی کے دفاتر سے رابطہ قائم کر سکتے ہیں۔
Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات