Live Updates

وزیراعلیٰ پنجاب کی زیر صدارت پاکستان تحریک انصاف کی پنجاب وجنوبی پنجاب کی گورننگ باڈیزکا اجلاس

مقبوضہ کشمیر میں کشمیری عوام پر بھارتی مظالم و مقبوضہ کشمیر کی خصوصی حیثیت تبدیل کرنے کے غیر آئینی و غیر قانونی اقدام کی شدید مذمت شرکاء کا تنازع کشمیر پر پاکستان کے موقف کو موثرانداز سے اجاگرکرنے پر وزیراعظم عمران خان سے اظہار تشکر پاکستان کشمیر کے بغیر نامکمل،ہر ضلع کی ایک سڑک و ڈویژن کا ایک پارک کشمیر کے نا م سے منسوب کرنے کا اعلان کرچکا، عثمان بزدار

منگل 20 اگست 2019 19:14

وزیراعلیٰ پنجاب کی زیر صدارت پاکستان تحریک انصاف کی پنجاب وجنوبی پنجاب ..
لاہور۔20 اگست(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 20 اگست2019ء) وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدارکی زیر صدارت پاکستان تحریک انصاف کے پنجاب سیکرٹریٹ میں پنجاب اورجنوبی پنجاب کی گورننگ باڈیزکا اجلاس منعقد ہوا۔ جس میں تحریک انصاف پنجاب کے صدر اعجاز چوہدری، پنجاب اورجنوبی پنجاب کی گورننگ باڈیز کے عہدیداران نے اجلاس میں شرکت کی۔اجلاس میں مقبوضہ کشمیر میں کشمیری عوام پر بھارتی مظالم اورمقبوضہ کشمیر کی خصوصی حیثیت تبدیل کرنے کے غیر آئینی و غیر قانونی اقدام کی شدید مذمت کی گئی۔

اجلاس کے شرکاء نے کشمیری عوام کے ساتھ مکمل یکجہتی کا اظہارکیا۔ اجلاس کے شرکاء نے تنازع کشمیر پر پاکستان کے موقف کو موثر انداز سے اجاگرکرنے پر وزیراعظم عمران خان سے اظہار تشکر کیا۔

(جاری ہے)

وزیراعلی عثمان بزدار نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ پاکستان کشمیر کے بغیر نامکمل ہے۔پنجاب میں ہر ضلع کی ایک سڑک اورہر ڈویژن کا ایک پارک کشمیر کے نا م سے منسوب کرنے کا اعلان کرچکا ہوںکمشنرز اور ڈپٹی کمشنرز کو اس ضمن میں ہدایات جاری کردی گئی ہیں کہ وہ سڑکوں اور پارکس کی جلد نشاندہی کریں۔

انہوںنے کہا کہ ایک برس کے دوران خلوص نیت اور محنت کے ساتھ عوا م کی خدمت کی ہے ۔گزشتہ 30برس کے دوران آنے والی حکومتوں نے مسائل کے انبار لگائے اور عوام کی بنیادی ضرورتیں حل کرنے کے معاملے میں پہلو تہی کی گئی۔وزیراعظم عمران خان کے تبدیلی کے خواب کو عملی جامہ پہنائیں گے۔انہوں نے کہا کہ ایک برس کے دوران پنجاب حکومت نے ریکارڈ قانون سازی کی ہے اور کفایت شعاری اوربجٹ کی نئی مثالیں قائم کی ہیں۔

پارٹی کے صوبائی عہدیداروں سے ملکر بے حد خوشی ہوئی ہے ۔آپ سے ملاقاتوں اورمشاورت کا سلسلہ مستقل بنیادوں پر جاری رہیگا۔ صوبے میں پارٹی کو تنظیمی لحاظ سے مزید مضبوط کریںگے۔ پارٹی عہدیداروں اورکارکنوں کے جائز کام ہر صورت ہونگے۔میرا کوئی اور ایجنڈا نہیں ،صرف عوام کی خدمت کیلئے آیا ہوں ۔وزیراعلی نے کہا کہ ملک اورصوبے کے مفاد میں جو کچھ ہوسکا ہر وہ کام کرینگے۔

پارٹی کے عہدیداروں اورکارکنوں کو عزت و احترام دیںگے۔وزیراعلیٰ آفس کے دروازے آپ کیلئے کھلے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پنجاب حکومت نے جنوبی پنجاب کیلئے رواں بجٹ میں 35فیصد فنڈ ز مختص کئے ہیں۔ جنوبی پنجاب کیلئے مختص فنڈز کسی اورضلع یا کسی اورمقصد کیلئے استعمال نہیں ہوسکیںگے۔ وزیراعلی نے کہا کہ پارٹی عہدیداروں کی جس شعبے میں مہارت اورتجربہ ہے اس سے فائدہ اٹھائیںگے۔

آپ کی سفارشات اور تجاویز پر عملدرآمد ہوگا۔ صوبے کے عوام کی خدمت کے سفر میں شانہ بشانہ چلیںگے۔ ماضی کی شوبازیوں کا دور گزر چکا ہے ،اب نیک نیتی سے صرف کام ،کام اورکام ہوتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ لاہورکے سیوریج نظام کو درست کرنے کیلئے 19ارب روپے کی لاگت سے منصوبہ شروع کر رہے ہیں ۔سابق حکومت نے دس برس کے دوران سیوریج نظام پر صرف تین ارب روپے خرچ کئے۔

تعلیم ،صحت ، زراعت اورصنعت کی ترقی کیلئے انقلابی اصلاحات لائی گئی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ماضی میں پانی ذخیرہ کرنے کے منصوبوں کو نظر انداز کیا گیا ۔ ہماری حکومت پوٹھوہار، ڈیرہ غازی خان اور راجن پورمیں چھوٹے ڈیم بنارہی ہے۔ تحریک انصاف پنجاب کے صدر اعجاز چوہدری نے کہا کہ پارٹی کے پنجاب سیکرٹریٹ آمد پر آپ کا شکریہ ادا کرتا ہوں ۔پارٹی کو تنظیمی لحاظ سے نچلی سطح تک منظم کیا جارہا ہے۔

صوبائی سطح پر بہت جلد تنظیمی کنونشن کا انعقاد کرینگے۔ انہوں نے کہا کہ عوام کی خدمت کے سفر میں آپ کے ساتھ ہیں۔ پارٹی جتنی مضبوط ہوگی، اتنی حکومت بھی مضبوط ہوگی۔ پارٹی اورحکومتی سطح پر تعلقات کو مزید مستحکم کرینگے۔ اجلاس میںپنجاب کے سینئر نائب صدر اعجازمنہاس، نائب صدور چوہدری اشفاق، شبیر سیال، جنرل سیکرٹری محمد شعیب صدیقی، ایڈیشنل جنرل سیکرٹری ندیم قادربھنڈر، محمد عارف عباسی، انجینئر عطااللہ خان شادی خیل،رانا ندیم ،بریگیڈیئر (ر) ممتاز کاہلوں، شکیل احمد خان نیازی،حافظ عبیداللہ،سیکرٹری اطلاعات عثمان سعیدبسرا، جنوبی پنجاب کے صدر نور خان بھابھہ، عائشہ نذیر جٹ، معین الدین قریشی، فرزندگوہر، علی رضا دریشک، سکندربڈھیرا، مصدق شاہ، نعیم وڑائچ اورسیف کھوسہ نے شرکت کی۔

Live پاکستان تحریک انصاف سے متعلق تازہ ترین معلومات