بھارتی تسلط کے خلاف مقبوضہ کشمیر کے مختلف علاقوں میں احتجاجی مظاہرے جاری

بھارت کا دنیا کودکھانے کے لیے حالات معمول پرآنے کا ڈرامہ رچانے میں ناکام

منگل 20 اگست 2019 19:47

سرینگر ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 20 اگست2019ء) مقبوضہ کشمیرمیں سرینگر اور دیگر علاقوں میں لوگ کرفیو توڑتے ہوئے سڑکوں پر نکل آئے اور بھارتی تسلط اور جموںوکشمیر کی خصوصی حیثیت ختم کرنے کے بھارتی حکومت کے اقدام کے خلاف احتجاجی مظاہرے کئے۔ کشمیرمیڈیا سروس کے مطابق سرینگر اور دیگر علاقوں میں نوجوان گھروں سے باہر آئے اوربھارت کے خلاف مظاہرے کئے ۔

بھارتی فوجیوں نے مظاہرین پر گولیاں اور پیلٹ فائر کرکے اور آنسوگیس کے گولے داغ کر متعدد افراد کو زخمی کردیا۔ پیلٹ لگنے سے زخمی ہونے والے کم از کم 8افراد کو سرینگر کے ہسپتالوں میں داخل کیاگیا ۔ ایک سرکاری عہدیدار نے وادی کشمیر کے مختلف علاقوں میں پتھرائو کے کم ازکم دودرجن واقعات پیش آنے کی تصدیق کی ہے۔

(جاری ہے)

دریں اثناء وادی کشمیر اور جموں خطے کے پانچ اضلاع میں آج مسلسل سولہویں روز بھی سخت کرفیو اور دیگر پابندیاں جاری ر ہیں جس سے محصور کشمیریوں کی حالت زار مزید ابتر ہوگئی ۔

مقبوضہ علاقے میں 5اگست کو نریندر مودی کی حکومت کی طرف سے جموںوکشمیر کی خصوصی حیثیت ختم کرنے کے بعد ٹیلیفون، انٹرنیٹ سروس اور ٹیلی ویژن چینلوںکی نشریات مسلسل معطل ہیں جس کی وجہ سے علاقے کا باقی دنیا سے رابطہ مکمل طورپر منقطع ہے۔ تمام بازار اور دکانیں بند جبکہ سڑکیں سنسان ہیں۔ مقامی صحافیوں کا کہنا ہے کہ بھارتی فورسز انہیں پیشہ ورانہ فرائض انجام دینے کی اجازت نہیں دے رہی ہیں۔

بھارتی حکومت نے دنیا کو دکھانے کے لیے مخصوص علاقوں میں 200کے قریب سکول کھولنے کی کوشش کی جوناکام ہوگئی کیونکہ والدین نے اپنے بچوںکی زندگیوں کو خطرے میں ڈالنے سے انکارکیا۔ نوجوانوں نے صحافیوںکو بتایا کہ وہ سمجھ گئے ہیں کہ یہ ان کے لیے ’’کرو یا مرو‘‘کا وقت ہے اور انہوں نے احتجاجی مظاہرے جاری رکھنے کا فیصلہ کیا ہے۔ لوگوں کا کہنا ہے کہ مواصلات کے جدید ذرائع کی معطلی کے بعد انہوں نے خود کو منظم کرنے کے نئے طریقے اختیار کئے ہیں۔

انہوں نے کہاکہ جب وہ دیکھتے ہیں بھارتی فورسز علاقے میں داخل ہورہی ہیں تووہ لوگوں کو خبردار کرنے کے لیے مسجدوں میں جاکرلائود سپیکروں پرنغمے چلاتے ہیں اور لوگوں کو غیر قانونی بھارتی قبضے کے خلاف احتجاج کے لیے کہتے ہیں۔ سید علی گیلانی اور میر واعظ عمر فاروق اور تین سابق کٹھ پتلی وزرائے اعلیٰ فاروق عبداللہ ، عمر عبداللہ اور محبوبہ مفتی سمیت کشمیریوں کی پوری سیاسی قیادت جیلوں یا گھروں میں مسلسل نظربند ہے جبکہ گزشتہ دو ہفتوں کے دوران ہزاروں سیاسی رہنمائوں اور کارکنوں کو کالے قانون پبلک سیفٹی ایکٹ کے تحت گرفتار کیاگیا ہے۔

بھارت کے نوبل انعام یافتہ ڈاکٹر امرتا سین نے نئی دہلی میں ایک انٹرویو میں جموںوکشمیر کی خصوصی حیثیت ختم کرنے کے بھارتی اقدام پر تنقید کرتے ہوئے کہا ہے کہ انہیں بھارتی شہری ہونے پر کوئی فخر نہیں کیونکہ کشمیر کے حوالے سے اٹھائے گئے اقدام سے بھارت ایک جمہوری ملک ہونے کی ساکھ کھو چکا ہے۔ ڈاکٹر امرتا سین نے جو ماہر اقتصادیات اور فلاسفرہیں، کہاکہ کشمیر میں بھارت کا اقدام انگریزوں کے نوآبادیاتی دور کی عکاسی کرتا ہے۔