جامعہ سندھ، نوشہروفیروز کیمپس میں ملکی معیشت کی مضبوطی کیلئے ٹیکسز کے نظام کی اہمیت کو اجاگر کرنے کیلئے سیمینار کا انعقاد

منگل 20 اگست 2019 19:47

حیدر آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 20 اگست2019ء) جامعہ سندھ جامشورو کے خان بہادر الہندو شاہ کیمپس نوشہروفیروزمیں ملکی معیشت کی مضبوطی کیلئے ٹیکسز کے نظام کی اہمیت کو اجاگر کرنے کیلئے ایک سیمینار منعقد کیا گیا۔ ماہرین نے سیمینار سے خطاب میں طلباء کو پاکستان کی معیشت، ٹیکسز کی ادائیگی و دیگر مالی معاملات سے آگاہ کیا اور زور دیا کہ ہر آدمی ملکی معیشت کی ترقی کیلئے ٹیکس ضرور ادا کرے، سیمینار فیڈرل بورڈ آف ریونیو کے تعاون سے منعقد کیا گیا۔

(جاری ہے)

صدارتی خطاب کرتے ہوئے پرو وائس چانسلر ڈاکٹر اسلم پرویز میمن نے کہا کہ نوجوانوں کیلئے ضروری ہے کہ وہ ٹیکس و ملکی معیشت کی اہمیت کو سمجھیں انہوں نے کہا کہ کاروبار کو ٹھیک طریقے سے چلانے اور کسی بھی سرکاری مداخلت سے بچنے کیلئے ہر آدمی کو ٹیکس دینا چاہئے انہوں نے کہا کہ فلاحی ریاست میں پرامن شہری کے طور پر رہنے کے لیے قوانین و طریقہ کار پر عمل کرنا ہوگا اس موقع پر اسسٹنٹ کمشنر ان لینڈ ریونیو خدا بخش عباسی نے ٹیکسیشن کی اہمیت، ان کی قوانین و رٹرن فائل کے حوالے سے تفصیلی آگہی لیکچر بھی دیا۔ اس موقع پر نوشہروفیروز کیمپس کے امجد علی میمن، طاہرہ قدیر و دیگر بھی موجود تھے۔