وزیر خارجہ کا فرانسیسی ہم منصب کو ٹیلیفون ،مقبوضہ کشمیر کی صورتحال پر تبادلہ خیال

فرانسیسی وزیر خارجہ کا نریندر مودی کے متوقع دورہ پیرس کے دوران مقبوضہ کشمیر کی تشویشناک صورتحال پر مودی سے بات چیت کا عندیہ ہمیں مقبوضہ جموں و کشمیر میں ایک نیا انسانی المیہ جنم لیتا دکھائی دیتا ہے جس سے خطے کے امن و امان کو شدید خطرات لاحق ہو سکتے ہیں، شاہ محمود

منگل 20 اگست 2019 19:54

وزیر خارجہ کا فرانسیسی ہم منصب کو ٹیلیفون ،مقبوضہ کشمیر کی صورتحال ..
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 20 اگست2019ء) وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی نے فرانسیسی وزیر خارجہ ژاں ایو لیدریاں سے ٹیلیفونک رابطہ کیا جس میں مقبوضہ جموں و کشمیر میں بھارت کی جانب سے جاری انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں سمیت خطے میں امن و امان کی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا ۔وزیر خارجہ نے اپنے فرانسیسی ہم منصب کو مقبوضہ جموں و کشمیر میں بھارت کے یکطرفہ اقدام اور ان اقدامات کے نتیجے میں جنوبی ایشیا میں امن و امان کو درپیش خطرات سے آگاہ کیا۔

شاہ محمود قریشی نے کہاکہ بھارت کے حالیہ یکطرفہ اقدامات، اقوام متحدہ سیکورٹی کونسل کی قراردادوں کی صریحاً خلاف ورزی ہے ۔انہوںنے کہاکہ پانچ اگست سے مقبوضہ جموں و کشمیر میں مکمل کرفیو نافذ ہے انسانی حقوق کی خلاف ورزیاں عروج پر ہیں ۔

(جاری ہے)

انہوںنے کہاکہ ہمیں مقبوضہ جموں و کشمیر میں ایک نیا انسانی المیہ جنم لیتا دکھائی دیتا ہے جس سے خطے کے امن و امان کو شدید خطرات لاحق ہو سکتے ہیں ۔

فرانسیسی وزیر خارجہ نے کہا کہ ہمیں اس ساری صورتحال پر گہری تشویش ہے۔فرانسیسی وزیر خارجہ نے فریقین کے مابین معاملات باہمی افہام و تفہیم کے ساتھ مذاکرات کے ذریعے حل کرنے کی ضرورت پر زور دیا۔انہوںنے کہاکہ افغان امن عمل میں پاکستان ، کا مصالحانہ کردار قابل تحسین ہے ۔فرانسیسی وزیر خارجہ نے نریندر مودی کے متوقع دورہ پیرس کے دوران اس تشویشناک صورتحال پر مودی سے بات چیت کا عندیہ دیا۔دونوں وزرائے خارجہ نے باہمی مشاورت جاری رکھنے کا فیصلہ بھی کیا ۔