ہم 44 سال پرانے جنگی طیارے اٴْڑا رہے ہیں ، اتنی پرانی تو کوئی کار بھی چلانے کی ہمت نہ کرے، بھارتی ائیر چیف مارشل پھٹ پڑے

فی الحال مگ طیاروں کی بھارت میں تیار کیے گے پرزوں سے مرمت کرکے کام چلایا جا رہا ہے،بی ایس دھنوا نے کا سیمینار سے خطاب

منگل 20 اگست 2019 19:58

نئی دہلی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 20 اگست2019ء) بھارتی ایئرچیف مارشل بی ایس دھنوا نے مودی سرکار کو دہائی دی ہے کہ ہم 44 سال پرانے جنگی طیارے اٴْڑا رہے ہیں حالانکہ اتنی پرانی تو کوئی کار بھی چلانے کی ہمت نہ کرے۔بھارتی میڈیا کے مطابق انڈین ایئر فورس کے ایک سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے ایئر چیف اپنی ہی حکومتوں کی نااہلی اور لاپرواہی کا پردہ چاک کر گئے اور تاحال 1973 کے مگ طیاروں کے بھارتی فضائیہ کے بیڑے کا حصہ ہونے پر پھٹ پڑے۔

(جاری ہے)

ایئر چیف بریندر سنگھ دھنوا نے کہا کہ کوئی بھی ذی شعور شخص 44 سال قبل کی کار بھی چلانا نہیں چاہے گا کیوں کہ اس میں خطرہ ہے لیکن ہمیں اتنے ہی پرانے طیارے فضا میں اٴْڑانے ہوتے ہیں اور ایف-16 سے مقابلہ کرنا ہوتا ہے۔بھارتی فضائیہ کے سربراہ نے امید ظاہر کی رواں برس روس کے جنگی جیٹ طیارے مل جائینگے ، فی الحال مگ طیاروں کی بھارت میں تیار کیے گے پرزوں سے مرمت کرکے کام چلایا جا رہا ہے۔ 110 مگ-21 طیاروں کو 2006 میں اپ ڈیٹ کیا گیا تھا۔واضح رہے کہ بھارتی پارلیمنٹ میں پیش کیے گئے اعداد وشمار میں بتایا گیا تھا کہ 40 برسوں کے درمیان بھارتی فضائیہ کے 872 مگ-21 طیاروں میں سے نصف طیارے کسی نہ کسی واقعے میں تباہ ہوچکے ہیں جن میں سے 3 طیارے رواں برس تربیتی مشن کے دوران گر کر تباہ ہوئے۔