نیب کا مریم نواز کے اثاثے منجمد کرنے کا فیصلہ

حتمی منظوری ڈی جی نیب لاہور کی سربراہی میں ہونے والے اجلاس میں دی جائے گی، اس حوالے سے سفارشات بھی مرتب کر لی گئیں

muhammad ali محمد علی منگل 20 اگست 2019 20:01

نیب کا مریم نواز کے اثاثے منجمد کرنے کا فیصلہ
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 20 اگست2019ء) نیب کا مریم نواز کے اثاثے منجمد کرنے کا فیصلہ، حتمی منظوری ڈی جی نیب لاہور کی سربراہی میں ہونے والے اجلاس میں دی جائے گی، اس حوالے سے سفارشات بھی مرتب کر لی گئیں۔ تفصیلات کے مطابق میڈیا رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ نیب نے سابق وزیراعظم نواز شریف کی صاحبزادی اور مسلم لیگ ن کی نائب صدر مریم نواز کے تمام اثاثے منجمد کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔

ذرائع کے مطابق نیب نے مریم نواز کے اثاثے منجمد کرنے کا فیصلہ کیا ہے جس کی حتمی منظوری ڈی جی نیب لاہور کی سربراہی میں ہونے والے اجلاس میں دی جائے گی۔ نیب نے مریم نواز کے اثاثے منجمد کرنے کیلئے سفارشات بھی مرتب کر لی ہیں۔ قومی احتساب بیورو نے چوہدری شوگر ملز کیس میں مریم نواز اور بھتیجے عباس شریف کو گرفتار کیا تھا، جس کے بعد احتساب عدالت نے گرفتار مریم نواز اور عباس شریف کو 21 اگست تک جسمانی ریمانڈ پر نیب کے حوالے کردیا تھا۔

(جاری ہے)

نیب پراسیکیوٹر نے بتایا تھا 2008 میں مریم نواز کے نام پر11 ملین کے شیئر تھے، مریم نوازچوہدری شوگرملزکی ڈائریکٹرہیں، مریم نوازکے84لاکھ روپے کے شیئر تھے، جو بڑھ کر 41 کروڑ ہوگئے۔ مریم نواز نے اس تمام معاملے کے حوالے سے نیب کو دئیے گئے تحریری جواب میں نیب پر ہی الزامات کی بوچھاڑ کر دی تھی۔ مسلم لیگ ن کی نائب صدر مریم نواز کا کہنا ہے کہ مجھے گرفتار کرنے کی وجوہات وہ نہیں ہیں جو نیب نے بتائی ہیں۔

مریم نواز نے اپنے تحریری جواب میں کہا کہ میرا جُرم صرف اتنا ہے کہ میں نا انصافی کے خلاف کھڑی ہوئی ہوں۔ انہوں نے کہا کہ میرے جرائم بہت زیادہ ہیں جنہیں الفاظ میں بیان نہیں کیا جا سکتا۔ جو کمزور دل کے مالک ہیں وہ میرے جُرم کو بیان نہیں کر سکتے، اُن کا کام میں آسان کر دیتی ہوں۔ میں کسی کے ظلم کا نشانہ نہیں بنتی نہ ہی میں جُھکتی ہوں، نہ ہی میں ہراساں ہوتی ہوں، کچھ لوگ مجھے ہراساں کرنا اور قربانی کا بکرا بنانا چاہتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ جو لوگ منتخب ہو چکے ہیں یا منتخب کیے گئے میں ان کے سامنے نہیں جُھکوں گی۔