مقبوضہ کشمیر میں انسانیت تڑپ رہی ہے،کہا جا رہا تھا مودی جیتے گا تو مسئلہ کشمیر حل ہوگا ، آصف علی زرداری

بھارتی گجرات میں قتل عام کروانے والے مودی سے امن کی امید رکھنے والے احمق ہیں، سابق صدر

منگل 20 اگست 2019 20:49

مقبوضہ کشمیر میں انسانیت تڑپ رہی ہے،کہا جا رہا تھا مودی جیتے گا تو مسئلہ ..
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 20 اگست2019ء) سابق صدر پاکستان آصف علی زرداری نے کہا ہے کہ مقبوضہ کشمیر میں انسانیت تڑپ رہی ہے،کہا جا رہا تھا کہ مودی جیتے گا تو مسئلہ کشمیر حل ہوگا کیا انہوں نے خواب دیکھا تھا کہ مودی کے جیتنے سے مسئلہ کشمیر حل ہوگا اور خطے میں امن آئے گا۔ میڈیا آفس اسلام آباد سے جاری ہونے والے ایک بیان میں سابق صدر نے کہا کہ بھارتی گجرات میں قتل عام کروانے والے مودی سے امن کی امید رکھنے والے احمق ہیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ بھارت ظلم و جبر اور طاقت کے بل بوتے پر زیادہ دیر تک کشمیر پر قابض نہیں رہ سکتا کیونکہ مقبوضہ کشمیر میں آزادی کی آواز کو مزید طاقت ملی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ایسے حالات جب مقبوضہ کشمیر کے عوام کو زیادہ سے زیادہ عالمی سپورٹ کی ضرورت ہے۔ صدر پاکستان اور وزیراعظم کو آرام سے بیٹھنا نہیں چاہیے تھا۔ وہ بااثر عالمی رہنمائوں سے ملاقاتیں کرکے مظلوم کشمیریوں کی سیاسی، اخلاقی اور سفارتی حمایت حاصل کرتے تاکہ بھارت کو دنیا میں تنہا کرکے مجرموں کے کٹہڑے میں کھڑا کیا جاتا۔ آصف علی زرداری نے کہا کہ مقبوضہ کشمیر کی آزادی چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کا مشن ہے وہ کشمیریوں کی مضبوط اور بااثر آواز بن چکے ہیں۔