ڈاکٹر طاہرالقادری سے گلاسگو میں کالج آف شریعہ اینڈ اسلامک سائنسز کے سکالرز کی ملاقات

بیرون ملک مقیم مختلف شعبہ جات کے سکالرز وطن عزیز کی خوشحالی کیلئے کردار ادا کریں‘ڈاکٹر طاہرالقادری

منگل 20 اگست 2019 20:49

ڈاکٹر طاہرالقادری سے گلاسگو میں کالج آف شریعہ اینڈ اسلامک سائنسز ..
لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 20 اگست2019ء) قائد تحریک منہاج القرآن ڈاکٹر محمد طاہر القادری نے کہا ہے کہ بیرون ملک مقیم مختلف شعبہ جات کے ایکسپرٹس پاکستانیوں کی وطن عزیز کو بڑی ضرورت ہے، بیرون ملک مقیم پاکستانی ،ڈاکٹرز، انجینئرز ،سکالرز اپنی ذمہ داریاں انجام دینے کے ساتھ ساتھ وطن عزیز کی ترقی اور خوشحالی کے لیے اپنا کردار ادا کر سکتے ہیں، ہر پاکستانی شہری پر پہلا حق اس کے اپنے وطن اور اس کے عوام کا ہے، ان خیالات کا اظہار انہوںنے گزشتہ روز گلاسکو میں کالج آف شریعہ اینڈ اسلامک سائنسز اور منہاج یونیورسٹی لاہور کے فارغ التحصیل سکالرز (منہاجینز)جو برطانیہ اور یورپ کے مختلف ممالک میں پیشہ وارانہ خدمات انجام دے رہے ہیں سے خصوصی ملاقات کے موقع پر کیا، اس موقع پر چیئرمین سپریم کونسل ڈاکٹر حسن محی الدین قادری بھی موجود تھے ۔

(جاری ہے)

ڈاکٹر طاہرالقادری نے کہا کہ امت محمدی ﷺ اس اعتبار سے بلند تر مقام والی امت ہے کہ اس امت کے ذمہ انبیاء والا کام سونپا گیا ہے،امت محمدیﷺ کا ہر فرد قرآن کا سفیر ہے اور قرآن کے امن و محبت اور رواداری پر مبنی آفاقی پیغام کو دنیا کے کونے کونے تک پہنچانا ہم سب کی ذمہ داری ہے۔ دریں اثناء قائد تحریک منہاج القرآن ڈاکٹر محمد طاہرالقادری کے تالیف کردہ قرآنک انسائیکلو پیڈیا کے انگریزی ورژن کی برطانیہ اور یورپ میں بے حد پذیرائی پر’’ایمازون‘‘ نے دنیا بھر میں اپنے آن لائن کسٹمرز کیلئے اسے فروخت کیلئے پیش کیا ہے۔

’’ایمازون‘‘ نے 50 فی صد ڈسکائونٹ فری ہوم ڈلیوری کی آفر دی ہے،قرآنک انسائیکلو پیڈیا کے انگریزی ورژن کی تقریب رونمائی 4اگست کو مانچسٹر میں ہوئی۔برطانیہ،یورپ،نارتھ امریکہ سے ہزاروں افراد شریک ہوئے اور اس قرآنک انسائیکلو پیڈیا کی تقریب رونمائی کو برطانوی میڈیا نے نمایاں کوریج دی۔دی سنڈے ٹائمز،ایشین وائس اور دی ٹائمز نے قرانک انسائیکلو پیڈیا کی تالیف،موضوعات کے حوالے سے شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہر القادری کے خصوصی انٹرویوز شائع کئے جن کی اشاعت کے بعد برطانیہ اور یورپ کے طول ارض سے قرآنک انسائیکلو پیڈیا کی ڈیمانڈ میں اضافہ ہوا،اس وقت برطانیہ کی عوامی لائبریریوں کیلئے 8جلدوں پر مشتمل قرآنک انسائیکلو پیڈیا کے سینکڑوں سیٹ خریدے جا چکے ہیں۔

منہاج القرآن کے میڈیا ڈائریکٹر نوراللہ صدیقی نے کہا کہ قرآنی موضوعات پر یہ اب تک کا جا مع انسا ئیکلو پیڈیا ہے جو 5ہزار موضوعات اور 7ہزار صفحات پر مشتمل ہے۔یہ انسائیکلوپیڈیا پہلے اردو زبان میں تالیف کیا گیا جس کی پاکستان بھر کے بڑے شہر وں میں تقاریب رونمائی ہوئیں اور اس کے ہزاروں سیٹ خریدے گئے۔انسائیکلو پیڈیا نے عام پڑھے لکھے شہری کی قرآن مجید کے موضوعات تک رسائی آسان بنائی ہے۔انہوں نے بتایا’’دی سنڈے ٹائمز‘‘ نے اپنی 18اگست کی اشاعت میں قرآن کو امن کا پیغام قرار دیا۔منہاج القرآن انٹرنیشنل اور شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری کی کاوشوں سے الحمداللہ قرآن مجید کا امن و محبت اور رواداری والا پیغام دنیا کے کونے کونے میں پہنچ رہا ہے۔