دریائے ستلج میں سیلابی صورتحال، قصور کے متعدد دیہات زیر آب آگئے، پاک فوج کو الرٹ کر دیا گیا

این ڈی ایم اے کے مطابق دریائے ستلج کے بہاو میں بدتریج اضافہ ہو رہا ہے، قصور کے 18 دیہاتوں کا زمینی رابطہ منقطع ہو چکا، ریسکیو ادارے امدادی کاروائیوں کیلئے مکمل طور پر الرٹ ہیں

muhammad ali محمد علی منگل 20 اگست 2019 23:53

دریائے ستلج میں سیلابی صورتحال، قصور کے متعدد دیہات زیر آب آگئے، پاک ..
قصور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 20 اگست2019ء) دریائے ستلج میں سیلابی صورتحال، قصور کے متعدد دیہات زیر آب آگئے، پاک فوج کو الرٹ کر دیا گیا، این ڈی ایم اے کے مطابق دریائے ستلج کے بہاو میں بدتریج اضافہ ہو رہا ہے، قصور کے 18 دیہاتوں کا زمین رابطہ منقطع ہو چکا، ریسکیو ادارے امدادی کاروائیوں کیلئے مکمل طور پر الرٹ ہیں۔ تفصیلات کے مطابق بھارت آبی دہشت گردی پر اتر آیا ہے اور بنا کسی اطلاع کہ دریاوں میں پانی چھوڑ دیا ہے۔

بھارت کی اس آبی دہشت گردی کے باعث پنجاب کے کئی علاقوں کے متاثر ہونے کا خدشہ ہے۔ اسی باعث پاک فوج اور دیگر ریسکیو ادارے ہائی الرٹ پر ہیں۔ جبکہ پاک فوج نے ریسکیو اداروں کے ساتھ مل کر ہنگامی طور پر قصور کے کئی دیہات خالی کروا لیے ہیں۔ دوسری جانب این ڈی ایم اے نے بتایا ہے کہ دریائے ستلج میں پانی کے بھاؤ میں مسلسل اضافہ ہو رہا ہے جس باعث سیلاب کا خطرہ ہے ۔

(جاری ہے)

ترجمان بریگیڈیئر مختار احمد نے کہاکہ اس وقت گنڈا سنگھ والا پر پانی کا لیول 17.80 فٹ اور بھاؤ 37640 کیوسک ہے۔ ترجمان این ڈی ایم اے کے مطابق فیڈرل فلڈ فورکاسٹنگ ڈویڑن کے مطابق ایک لاکھ سے ڈیڑھ لاکھ کیوسک کا سیلابی ریلہ بدھ کو دوپہر تک گنڈا سنگھ والا ہیڈ ورکس سے گزرے گا۔ بریگیڈئیر مختار احمد کے مطابق یہ ریلہ 23اگست کو سیلیمانکی ہیڈ ورکس سے گزرے گا،25اگست تک یہ ریلہ اسلام ہیڈ ورکس پر پہنچ جائے گا۔

ترجمان این ڈی ایم اے کے مطابق یہ سیلابی ریلہ 28اگست کو پنجند کے مقام پر دریائے چناب میں شامل ہو جائیگا،پی ڈی ایم اے پنجاب، متعلقہ ضلعی انتظامیہ، ریسکیو 1122, پاک فوج کے دستے تمام تیاریاں مکمل کیے ہوئے ہیں۔ترجمان کے مطابق دریائے کے اطراف نشیبی علاقوں کے رہائشیوں کی منتقلی کا پلان تیار ہے اور ہنگامی کیمپس قائم کر دیئے گئے ہیں۔