سعودی حکومت نے حاجیوں کو اپنی قیام گاہ سے ہی آن لائن امیگریشن کرانے کی سہولت دے دی

’ایاب‘ نامی منصوبے کے تحت ابتدائی طور پر انڈیا، ملائیشیا اور انڈونیشیا کے حاجیوں کو یہ سہولت دی گئی ہے

Muhammad Irfan محمد عرفان بدھ 21 اگست 2019 11:12

سعودی حکومت نے حاجیوں کو اپنی قیام گاہ سے ہی آن لائن امیگریشن کرانے ..
جدہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین،21 اگست 2019ء) سعودی حکومت کی جانب سے حاجیوں اور معتمرین کے لیے ہر سال نِت نئی سہولتوں کا اضافہ کیا جاتا ہے۔ اب سعودی حکومت کے محکمہ سول ایوی ایشن نے غیر مُلکی حاجیوں کو ایک نئی خوش خبری سُنا دی ہے، جس کے تحت فریضہ حج ادا کرنے کے بعد وطن واپس جانے والے حاجیوں کو اُن کی عارضی رہائش سے ہی آن لائن امیگریشن کروانے کی سہولت حاصل ہو گی۔

ابتدائی طور پر یہ سہولت انڈیا، ملائیشیا اور انڈونیشیا کے حجاج کو دی جا رہی ہے۔ تاہم اگلے چند برسوں میں یہ سہولت پاکستان سمیت دیگر ممالک کے حجاج کو بھی فراہم کر دی جائے گی۔ ’ایاب‘ نامی اس منصوبے کے تحت حاجی حضرات ایئر پورٹ واپسی سے قبل ہی اپنا سامان ایئرپورٹس بھجوا سکتے ہیں، جہاں اُن کے پہنچنے سے پہلے ہی سامان کی چیکنگ ہو جائے گی، اور انہیں بورڈنگ پاس بھی جاری ہو جائے گا۔

(جاری ہے)

اس طرح وہ ایئرپورٹ واپسی سے قبل ہی اپنی واپسی کا آن لائن اندراج کرا سکیں گے۔ سعودی سول ایوی ایشن نے ’ایاب‘ پروگرام کے اپنے وطن کو لوٹنے والے حاجیوں کے لیے ایئرپورٹس پر خصوصی نمائش کا اہتمام بھی کیا ہے۔ اس حوالے سے سول ایوی ایشن کے ترجمان نے ایک سعودی اخبار سے بات کرتے ہوئے کہا کہ ہر سال حج سیزن کے موقع پر جدہ کے کنگ عبدالعزیز انٹرنیشنل ائیرپورٹ اور مدینہ منورہ کے امیر محمد بن عبدالعزیز انٹرنیشنل ائیرپورٹ پر حاجیوں کا تانتا بندھ جاتا ہے۔

امیگریشن کے وقت ان کے سامان کی چیکنگ اور حوالگی میں بہت زیادہ وقت لگ جاتا ہے۔ اسی وقت کو بچانے کی خاطر’ایاب‘ نامی منصوبہ شروع کیا گیا ہے۔ اس برس بھارت، انڈونیشیا اور ملائیشیا کے 30 ہزار حاجی اس سہولت سے فائدہ اُٹھا رہے ہیں۔ جن میں سے 14ہزار جدہ ائیرپورٹ اور 16ہزار مدینہ ائیرپورٹ سے سفر کریں گے۔اس پروگرام کو فی الحال عارضی اور محدود پیمانے پر شروع کیا گیا ہے۔ بعد میں اس کا دائرہ مزید وسیع کیا جائے گا۔