پلاسٹک بیگز کے استعمال پر پابندی کی خلاف ورزی اور انسپکشن ٹیم سے بدسلوکی، سیورفوڈز سیل کر دیا گیا

سیور فوڈز انتظامیہ کے خلاف مقدمہ درج کر کے سرکاری ٹیم کو دھکے دینے والوں کو گرفتار بھی کر لیا گیا

Sumaira Faqir Hussain سمیرا فقیرحسین بدھ 21 اگست 2019 12:07

پلاسٹک بیگز کے استعمال پر پابندی کی خلاف ورزی اور انسپکشن ٹیم سے بدسلوکی، ..
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 21 اگست 2019ء) : ماحولیاتی آلودگی سے بچنے اور قدرتی ماحول کو صاف ستھرا بنانے کے لیے پلاسٹک بیگز کے استعمال پر پابندی عائد کر دی گئی۔ جس پر سختی سے عملدرآمد کروایا جا رہا ہے اور خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف کارروائی کی جا رہی ہے۔ تاہم گذشتہ روز جڑواں شہروں کی معروف فوڈ چین سیورز فوڈ کی بلیو ایریا برانچ پر پابندی کے باوجود پلاسٹک کے شاپنگ بیگز کے استعمال پر فوڈ چین پر دو لاکھ روپے کا جُرمانہ عائد کردیا گیا۔

سیور فوڈز انتظامیہ کے ارکان نے انسپکشن کے لیے آنے والی ٹیم کے ساتھ نہ صرف بد سلوکی کی بلکہ انہیں دھکے بھی دئے جس پر انتظامیہ نے ریسٹورنٹ سیل کردیا اور انتظامیہ کے خلاف مقدمہ درج کرکے سرکاری ٹیم کو دھکے دینے والے ملازمین کو گرفتار بھی کر لیا گیا ہے۔

(جاری ہے)

یہی نہیں بلکہ ڈائریکٹر جنرل پاکستان ماحولیاتی تحفظ ایجنسی فرزانہ الطاف بولی نے خصوصی ٹیم کے ہمراہ اسلام آباد کے مخلتف شاپنگ مالزدکانوں اور اتوار بازار کا دورہ کیا۔

اس دوران دکانداروں کو جُرمانے کرنے کے ساتھ عوام کو پلاسٹک بیگز کے استعمال پر عائد پابندی سے متعلق آگاہی بھی دی گئی۔ یاد رہے کہ پولی تھین بیگزکو قدرتی ماحول کا دشمن قرار دے کر ان کے استعمال پر پابندی عائد کر دی گئی تھی۔ 14 اگست سے لاگو ہونے والے قانون پرعملدآرمد کروانے کے لیے وزارت موسمیاتی تبدیلی، تحفظ ماحولیات ایجنسی، اسلام آباد پولیس اور میونسپل حکام متحرک ہیں۔

اسلام آباد کے مختلف سیکٹرز میں کریک ڈاؤن کے دوران ہزاروں پلاسٹک بیگز قبضے میں لینے کے ساتھ ساتھ پلاسٹک بیگز استعمال کرنے والوں کو سخت انتباہ بھی جاری کیا جا رہا ہے۔ اس حوالے سے اسسٹنٹ کمشنر مہرین بلوچ کا کہنا تھا کہ جتنے بھی ادارے پولی تھین بیگ بنا رہے ہیں ہم ان کو بھی سیل کریں گے اور موجودہ اسٹاک کو بھی سیل کیا جائے گا۔