حکومت کیخلاف بولنے پر بھارتی گلوکارہ کو ریپ اور مارنے کی دھمکیاں

مودی اورامیت شاہ سامنے آکرمجھ سے بات کریں اور چھپ کرمجھے مارنے کی دھمکیاں نہ دیں مجھے ریپ اور قتل کی دھمکیاں دے کر ڈرایا نہیں جاسکتا، میں جو کہنا چاہتی ہیں ضرور کہوں گی‘گلوکارہ

بدھ 21 اگست 2019 12:54

حکومت کیخلاف بولنے پر بھارتی گلوکارہ کو ریپ اور مارنے کی دھمکیاں
ممبئی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 21 اگست2019ء) بھارتی گلوکارہ اور ریپر ترن کور جو ہارڈ کور کے نام سے مشہور ہیں انہوں نے دعویٰ کیا ہے کہ بھارتی حکومت کے خلاف بولنے پر انہیں حکمران جماعت بھارتیہ جنتنا پارٹی (بی جے پی) کے حامی ریپ اور جان سے مارنے کی دھمکیاں دے رہے ہیں۔اپنی ویڈیو میں گلوکارہ نے بھارتی حکومت کے حامیوں کو سخت تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ ان کی ذہنیت گندی ہے اور وہ گندگی کے علاوہ کچھ نہیں سوچ سکتے۔

ویب سائٹ میش ایبل کے مطابق اس معاملے کا آغاز اس وقت ہوا جب رواں ماہ ہارڈ کور نے سوشل میڈیا پر ایک ویڈیو جاری کی، جس میں انہوں نے بھارتی وزیر اعظم نریندر مودی اور بی جے پی کے صدر امیت شاہ کو دھمکی دیتے ہوئے کہا کہ وہ سامنے آکر ان سے بات کریں اور چھپ کر انہیں مارنے کی دھمکیاں نہ دیں۔

(جاری ہے)

اس ویڈیو میں گلوکارہ نے یہ بھی اعلان کیا کہ وہ خالصتان تحریک کو سپورٹ کریں گی۔

ویڈیو کے وائرل ہونے کے بعد بھارتی سیاست دان منجندر سنگھ سرسا نے ایک ویڈیو پیغام جاری کرتے ہوئے کہا تھا کہ ہارڈ کور کی جانب سے دیے بیان کی مذمت کرتے ہیں اور دنیا کو بتانا چاہتے ہیں کہ گلوکارہ سکھ برادری کا حقیقی چہرہ نہیں کیوں کہ سکھ کبھی اپنے ملک کے خلاف نہیں جاتے۔جس کے بعد سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر ہارڈ کور کو شدید تنقید کا سامنا کرنا پڑا جبکہ بھارتی حکومت کے سپورٹرز نے گلوکارہ کو دھمکیاں دینا بھی شروع کردیں۔

اب انہوں نے اپنی نئی ویڈیو میں بتایا کہ بھارتی مرد انہیں اس لیے برداشت نہیں کر پارہے کیوں کہ وہ ان سے زیادہ ٹیلنٹڈ اور مقبول ہیں۔گلوکارہ کے مطابق میں بھارت کی پہلی خاتون ہپ ہاپ آرٹسٹ ہوں، میں نے دنیا کے سامنے بھارت کی مثبت شکل پیش کی۔انہوں نے کہا کہ بھارتی حکومت کو یہ سمجھنا چاہیے کہ انہیں ریپ اور قتل کی دھمکیاں دے کر ڈرایا نہیں جاسکتا، وہ جو کہنا چاہتی ہیں ضرور کہیں گی۔بھارتی حکومت کے خلاف آواز اٹھانے اور ویڈیوز جاری کرنے کے بعد گلوکارہ کے ٹوئٹر اکاونٹ کو بھی بلاک کردیا گیا۔یاد رہے کہ ہارڈ کور کا پہلا البم’’سوپر وومن‘‘ 2007 میں سامنے آیا۔