جی سیون سمٹ کے موقع پرمسئلہ کشمیر بارے مودی سے بات کروں گا، ٹرمپ

دونوں ممالک کے درمیان بہت بڑا مسئلہ کشمیر کا ہے، یہ بہت پیچیدہ صورتحال ہے،امریکی صدر

بدھ 21 اگست 2019 13:06

جی سیون سمٹ کے موقع پرمسئلہ کشمیر بارے مودی سے بات کروں گا، ٹرمپ
واشنگٹن (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 21 اگست2019ء) امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہاہے کہ وہ کشمیر کے کشیدہ اور پیچیدہ تنازع پر جوہری قوت کے حامل فریقین بھارت اور پاکستان کے درمیان ثالثی کا کردار ادا کرنے کی ہر ممکن کوشش کریں گے۔میڈیارپورٹس کے مطابق وائٹ ہاؤس میں صحافیوں سے بات کرتے ہوئے ڈونلڈ ٹرمپ کا کہنا تھا کہ وہ اس حوالے سے رواں ہفتے کے اختتام پر بھارتی وزیر اعظم نریندر مودی سے بات چیت کریں گے۔

(جاری ہے)

امریکی صدر کا کہنا تھا کہ کشمیر بہت پیچیدہ جگہ ہے، وہاں ہندو بھی ہیں اور مسلمان بھی اور یہ بات واضح ہے کہ دونوں کے ایک دوسرے سے بہتر تعلقات نہیں، میں ثالثی کا کردار ادا کرنے کے لیے ہر ممکن کوشش کروں گا۔ڈونلڈ ٹرمپ کا کہنا تھا کہ دونوں ممالک کے درمیان بہت بڑا مسئلہ ہے، یہ بہت پیچیدہ صورتحال ہے، اس میں مذہب کا بھی بہت بڑا کردار ہے اور مذہب بھی ایک پیچیدہ موضوع ہے۔امریکی صدر کا کہنا تھا کہ برصغیر میں بات چیت مختلف انداز میں کئی سالوں سے جاری ہے۔