مقبوضہ کشمیر میں ڈیڑھ کروڑ لوگوں کی زندگیاں خطرے میں ہیں.ترجمان دفترخارجہ

بھارتی فوج ایل او سی پر نہتے شہریوں کو نشانہ بنا رہی ہے‘عالمی فورمزپرکشمیرکا مقدمہ لڑیں گے. ڈاکٹرفیصل

Mian Nadeem میاں محمد ندیم بدھ 21 اگست 2019 13:08

مقبوضہ کشمیر میں ڈیڑھ کروڑ لوگوں کی زندگیاں خطرے میں ہیں.ترجمان دفترخارجہ
اسلام آباد(اردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین-انٹرنیشنل پریس ایجنسی۔21 اگست۔2019ء) ترجمان دفتر خارجہ ڈاکٹر محمد فیصل نے کہا ہے کہ مقبوضہ جموں کشمیر میں ڈیڑھ کروڑ لوگوں کی زندگیاں خطرے میں ہیں. پارلیمنٹ ہاﺅس اسلام آباد میں سینیٹ کمیٹی برائے امور کشمیر و گلگت بلتستان کو بریفنگ دیتے ہوئے ترجمان دفتر خارجہ ڈاکٹر محمد فیصل نے کہا کہ مقبوضہ جموں کشمیر میں ڈیڑھ کروڑ لوگوں کی زندگیاں خطرے میں ہیں، لوگوں کو گھروں میں محصور کر دیا گیا ہے، ہر گھر کے سامنے ایک فوجی کھڑا ہے، بھارتی فوج نے 4 ہزار سے زائد لوگوں کو جیلوں میں منتقل کردیا ہے.

(جاری ہے)

ڈاکٹر فیصل نے کہا کہ بھارت کی جانب سے آرٹیکل 370 کو ختم کرنا ہمارے لئے حیران کن نہیں تھا‘بھارت معاملے کو دہشت گردی سے جوڑنے کی کوشش کررہاہے اس کے لیے پلوامہ 2 کرنا چاہ رہاہے، لائن آف کنٹرول پر حالات بہت کشیدہ ہیں ، روزانہ فائرنگ کی جارہی ہے ہمارے کچھ جوان شہید ہوئے، پاک فوج نے بھی بھرپور جواب دیا ہے کئی بھارتی فوجی ہلاک ہوئے. ترجمان دفتر خارجہ نے کہا کہ مقبوضہ کشمیر کی صورتحال پر نظر رکھے ہوئے ہیں، نیشنل سیکیورٹی کمیٹی کی روشنی میں بھارت سے سفارتی تعلقات محدود کیے‘ انسانی حقوق کونسل اور او آئی سی وزرائے خارجہ اجلاس میں معاملہ اٹھایا جائے گا.

پاک بھارت حالیہ صورت حال کے سندھ طاس معاہدے پر پڑنے سے اثرات کے حوالے سے ترجمان دفتر خارجہ نے کہا کہ سندھ طاس معاہدہ دفتر خارجہ کے دائرہ کار میں نہیں اسے ارسا دیکھ رہا ہے، بھارت نے ستلج میں پانی چھوڑدیا ہے، ٹیکنیکل معاملات کو دیکھ رہے ہیں، اس معاملے پر اجلاس بلایا ہے جس میں تمام اسٹیک ہولڈرز شریک ہوں گے.ترجمان دفتر خارجہ نے اجلاس کو بتایا کہ مقبوضہ کشمیرمیں ڈیڑھ کروڑ زندگیاں خطرے میں ہیں، مقبوضہ کشمیر میں لوگ 16 دن سے گھروں میں محصور ہیں مقبوضہ کشمیر میں ہر گھر کے باہر ایک فوجی تعینات ہے.

انہوں نے کہا کہ لائن آف کنٹرول پر حالات بہت کشیدہ ہیں، بھارتی فوج ایل او سی پر روزانہ اشتعال انگیزی کر رہی ہے‘ بھارتی فوج ایل او سی پر نہتے شہریوں کو نشانہ بنا رہی ہے ایل او سی پر بھارتی جارحیت سے پاک فوج کے جوان بھی شہید ہوئے. ترجمان نے بتایا کہ پاک فوج ایل او سی پر بھارت کو بھرپور جواب دے رہی ہے، پاک فوج کی جوابی کارروائی سے متعدد بھارتی فوجی ہلاک ہوئے پاکستان ہر عالمی فورم پر کشمیر کا مقدمہ لڑ رہا ہے مسئلہ کشمیر سلامتی کونسل اور او آئی سی وزرائے خارجہ اجلاس میں اٹھایا جائے گا.

سینیٹر ڈاکٹر وسیم نے کہا کہ بھارت سندھ طاس معاہدے پر چھیڑ چھاڑ کرے گا جس پر ترجمان نے کہا کہ سندھ طاس معاہدے میں ورلڈ بینک ضامن ہے کل بھارت نے دریائے ستلج میں بغیر اطلاع پانی چھوڑا پاکستان سندھ طاس معاہدے پر نظر رکھے ہوئے ہے سندھ طاس معاہدے پر کل اسٹیک ہولڈرز کا اجلاس بلایا گیا ہے.