Live Updates

چوہدری شوگر ملز کیس : مریم نواز کے جسمانی ریمانڈ میں 14 روز کی توسیع

کارکنوں کی عدالت کے باہر اور کمرہ عدالت میں نعرے بازی

Mian Nadeem میاں محمد ندیم بدھ 21 اگست 2019 13:18

چوہدری شوگر ملز کیس : مریم نواز کے جسمانی ریمانڈ میں 14 روز کی توسیع
لاہور(اردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین-انٹرنیشنل پریس ایجنسی۔21 اگست۔2019ء) لاہور کی احتساب عدالت نے چوہدری شوگر ملز کیس میں گرفتار مسلم لیگ (ن) کی نائب صدر مریم نواز اور ان کے کزن یوسف عباس کے جسمانی ریمانڈ میں 14 روز کی توسیع کردی ہے. قومی احتساب بیورو (نیب) نے آج جسمانی ریمانڈ مکمل ہونے پر مریم نواز اور یوسف عباس کو احتساب عدالت کے جج نعیم ارشد کے روبرو پیش کیاگیا.

سماعت کے دوران پراسیکیوٹر نیب نے اپنے دلائل دیتے ہوئے کہا کہ ان کی ملزمان سے تفتیش مکمل نہیں ہوئی، اسے مکمل کرنے کے لیے مزید 15 روز کا جسمانی ریمانڈ درکار ہے.

(جاری ہے)

مریم نواز کے وکیل نے اپنے دلائل میں کہا کہ ان تمام کیسز کی تحقیقات ہو چکی ہیں اور ٹرائل بھی مکمل ہو چکا ہے‘جج نعیم ارشد نے دونوں فریقین کے دلائل سننے کے بعد ملزمان کے 14 روزہ جسمانی ریمانڈ کی استدعا منظور کی اور سماعت 4 ستمبر تک کے لیے ملتوی کردی.

اس سے قبل نیب کی ٹیم مریم نواز اور یوسف عباس کو لے کر عدالت پہنچی تو لیگی کارکنان کی بڑی تعداد پہلے ہی وہاں موجود تھی، جہاں کارکنان نے وزیراعظم عمران خان اور تحریک انصاف کی حکومت کے خلاف شدید نعرے بازی کی. کمرہ عدالت میں بھی لیگی کارکنان نے شور شرابا کیا اور مریم نواز کے ساتھ سیلفیاں بنوائیں جس پر جج نے برہمی کا اظہار کرتے ہوئے سماعت کچھ دیر کے لیے ملتوی کردی تھی‘مریم نواز کی پیشی کے باعث خواتین پولیس اہلکاروں کی اضافی نفری بھی احاطہ عدالت کے اندر اور باہر تعینات کی گئی تھی.

اس موقع پر مریم نواز کے شوہر کیپٹن (ر) محمد صفدر اور ان کے صاحبزادے جنید صفدر بھی کمرہ عدالت میں موجود رہے‘پرویز رشید، نہال ہاشمی، سابق اسپیکر پنجاب اسمبلی رانا محمد اقبال، خرم دستگیر، حنا پرویز اور سیف الملوک کھوکھر سمیت دیگر رہنما بھی مریم نواز سے اظہار یکجہتی کے لیے کمرہ عدالت میں موجود تھے. یاد رہے کہ 8 اگست کو نیب نے چوہدری شوگر ملز کیس میں مریم نواز کو والد سے کوٹ لکھپت جیل میں ملاقات کے بعد واپس جاتے ہوئے تحویل میں لے لیا تھا اور انہیں نیب ہیڈ کوارٹرز منتقل کردیا تھا جبکہ ان کی گرفتاری کے کچھ گھنٹے کے بعد ہی یوسف عباس کو بھی گرفتار کرلیا گیا تھا.

دونوں کو نیب حکام نے 9 اگست کو احتساب عدالت کے جج نعیم ارشد کے روبرو پیش کیا جہاں لیگی نائب صدر اور ان کے کزن کے جسمانی ریمانڈ کی درخواست کی گئی جسے عدالت نے منظور کرتے ہوئے کیس کی سماعت 21 اگست تک ملتوی کردی تھی.
Live پاکستان تحریک انصاف سے متعلق تازہ ترین معلومات