انسداد ڈینگی پروگرام نے مون سون کا ہنگامی پلان بنالیا

صوبے میں ڈینگی وائرس کی روک تھام کے لیے بنایا گیا پلان سیکریٹری صحت کو پیش کر دیا، ڈاکٹرمحموداقبال

جمعرات 22 اگست 2019 16:41

انسداد ڈینگی پروگرام نے مون سون کا ہنگامی پلان بنالیا
کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 22 اگست2019ء) انسداد و تدارک ڈینگی پروگرام سندھ نے مون سون کا نٹیجنسی اور آپریشنل پلان تیار کرلیا ہے تاکہ صوبے میں ڈینگی وائرس کی افزائش اور ڈینگی بخار کے کیسز کی روک تھام ہو سکے۔ مون سون سیزن اگست سے نومبر تک رہتا ہے اور اس دوران ڈینگی مچھر کا خطرہ زیادہ رہتا ہے۔ 40 صفحات پر مشتمل اس پلان میں وائرس کی روک تھام، افزائش نسل روکنے اور نیا کیس رپورٹ ہونے کی صورت میں فوری ریسپانس کے حوالے سے اقدامات تجویز کیے گئے ہیں۔

انسداد و تدارک ڈینگی پروگرام کے منیجر ڈاکٹر محمود اقبال نے یہ پلان سیکریٹری صحت سندھ سے ملاقات میں انہیں پیش کر دیا ہے۔ ڈاکٹر محمود اقبال کا کہناہے کہ وہ پہلے ہی ہائی الرٹ پر ہیں۔ پروگرام کے تمام دفاتر بشمول کراچی میں چھٹیوں کے دوران بھی کام جاری رہا ہے۔

(جاری ہے)

اس دوران بھی ڈینگی کو صوبے بھرمیں مانیٹر کیا جاتا رہا ہے۔ ایک بیان میں پروگرام منیجر ڈاکٹر محمود اقبال نے بتایا کہ کراچی میں واقع پروگرام کے دفتر میں کنٹرول روم بھی قائم کر دیا گیا ہے جہاں روزانہ کی بنیاد پر نئے کیسز کی رپورٹنگ اور ٹیموں کی کارکردگی کا جائزہ لیا جارہا ہے۔

صوبے کے زیادہ علاقوں میں بروقت پہنچنے کے لیے مزید ٹیمیں بھی تشکیل دے دی گئی ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ فیلڈ ٹیمیں ڈینگی مچھر کی افزائش روکنے کے لیے لاروا تلف کرنے کا کام کر رہی ہیں، اس کے ساتھ وہ تیز ترین کیس ریسپانس، اسپرے اور سوشل موبلائزیشن کی ذمہ داریاں بھی انجام دے رہی ہیں۔ ڈاکٹر محمود اقبال نے بتایا کہ سال 2018 میں ڈینگی بخار کے کل 2088 مریض رپورٹ ہوئے تھے جن میں سے دو کا انتقال ہوا تھا ۔

اس سال 2019 میں اب تک 1245 مریض رپورٹ ہو چکے ہیں، جن میں سے چھ مریض انتقال کر چکے ہیں۔ انہوں نے مزید بتایا کہ ان کیسز میں سے 1183 مریضوں کا تعلق صرف کراچی سے ہے جبکہ صرف 62 مریض دیگر اضلاع سے تعلق رکھتے ہیں۔ رواں ماہ اگست میں اب تک 207 مریض سامنے آچکے ہیں جن میں سے 201 کا تعلق کراچی سے ہے۔

متعلقہ عنوان :