الخدمت مشکل کی ہر گھڑی میں ہم اپنے وطنوں کے شانہ بشانہ کھڑی رہی ہے، محمد عبد الشکور، صدر الخدمت فاؤنڈیشن پاکستان

وادی نیلم اور چترال میں سیلاب متاثرین، آزاد کشمیر میں لائن آف کنٹرول متاثرین اور کراچی میں مون سون بارشوں سے متاثرہ افراد میں مجموعی طور پر 3150فوڈ پیکجز ، 15100ٹینٹس، 1605 ترپالیں جبکہ10ہزار افراد میں پکا پکایا کھاناتقسیم کیا گیا

Umer Jamshaid عمر جمشید جمعرات 22 اگست 2019 17:43

الخدمت مشکل کی ہر گھڑی میں ہم اپنے وطنوں کے شانہ بشانہ کھڑی رہی ہے، ..
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 22 اگست2019ء) ملک بھر میں حالیہ قدرتی آفات کے بعد الخدمت فاوٴنڈیشن کے ڈیزاسٹر مینجمنٹ پروگرام کے تحت جاری ریلیف آپریشن کے حوالے سے جائزہ اجلاس الخدمت فاوٴنڈیشن کے مرکزی دفتر میں منعقد ہوا۔ اجلاس کی صدارت الخدمت فاوٴنڈیشن کے صدر محمد عبدالشکور نے کی جبکہ ڈیزاسٹر مینجمنٹ پروگرام کے دیگر مرکزی و ریجنل ذمہ داران بھی موقع پر موجود تھے۔

اجلاس میں بتایا گیا کہ ڈیزاسٹر مینجمنٹ پرو گرام کے تحت اس وقت ملک بھرکے متاثرہ علاقوں میں ریلیف آپریشن تیزی سے جاری ہے۔اب تک وادی نیلم کے علاقے لیسوا اورچترال کی وادی گولین میں سیلابی ریلے سے متاثرین، آزاد کشمیر میں لائن آف کنٹرول متاثرین اور کراچی میں مون سون بارشوں سے متاثرہ افراد میں مجموعی طور پر 3150فوڈ پیکجز،15100 ٹینٹس،1605 ترپالیں، 10ہزار افراد میں تیار کھانا جبکہ 1ہزار متاثرین میں واٹر کین تقسیم کئے گئے۔

(جاری ہے)

محمد عبدالشکور نے اس حوالے سے کئے جانے والے اقدامات پر اطمینان کا اظہار کیا۔اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے محمد عبدالشکور نے کہا کہ الخدمت فاوٴنڈیشن پاکستان میں رضاکاروں کا سب سے بڑا نیٹ ورک رکھنے والا ادارہ ہے۔الخدمت نے ہمیشہ کسی بھی ناگہانی آفت کی صورت میں بروقت ریسکیو اور ریلیف سرگرمیوں میں حصہ لیااورمشکل کی ہر گھڑی میں ہم اپنے وطنوں کے ساتھ کھڑی رہی ہے۔ جس سے اب تک لاکھوں افراد مستفید ہوچکے ہیں۔