پی آئی اے پائیلٹ نے پرواز کا رخ تبدیل کر کے خاتون مسافر کی جان بچالی

جمعرات 22 اگست 2019 21:17

پی آئی اے پائیلٹ نے پرواز کا رخ تبدیل کر کے خاتون مسافر کی جان بچالی
لاہور۔22 اگست(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 22 اگست2019ء) پی آئی اے کی لندن سے لاہور کی پرواز پی کی758 میں ایک 58 سالہ خاتون مسافر شہناز اخترکو دوران پرواز اچانک دل کی تکلیف ہوئی جس پر مسافر کی جان بچانے کے لئے طیارے کے کپتان نے پرواز کا رخ موڑتے ہوئے طیارے کو ماسکو لینڈ کر دیا۔ پی آئی اے کیبن کریو نے طیارے میں موجود تین ڈاکٹرز کی مدد سے خاتون مسافر کو ابتدائی طبی امداد فراہم کی۔

خاتون مسافرکی طبی حالت کے پیش نظر طیارے میں موجود ڈاکٹرزنے مریضہ کو فوری طور پر ہسپتال منتقل کرنے کی ہدایت کی۔

(جاری ہے)

طیارے کے کپتان خالد انور نے طیارے کو قریبی ماسکوائر پورٹ اتار دیا جہاں سے مریضہ کو فوری طور پر ہسپتال منتقل کر دیا گیا۔ترجمان کے مطابق شہناز اختر کی طبی حالت اب بہتر ہے اور پی آئی اے نے لاہور میں ان کے عزیز واقارب کو اس کی اطلاع دے دی ہے،ترجمان کے مطابق بعد ازاں طیارہ دو گھنٹے ماسکو میں رکنے کے بعد اپنی منزل مقصود لاہور کے لئے پرواز کر گیا۔ پی آئی اے کے چیف ایگزیکٹو آفیسر ائر مارشل ارشد ملک اور چیف فلائٹ آپریشن آفیسر کیپٹن عذیر نے کاک پٹ کریو اور کیبن کریو کی خدمات کے اعتراف میں ان کے لئے تعریفی اسناد کا اعلان کیا ہے۔

متعلقہ عنوان :