وفاقی وزیر انسانی حقوق شیریں مزاری کی وزیر خارجہ سے ملاقات،مقبوضہ کشمیر سمیت مختلف امورپر تبادلہ خیال

عالمی برادری کو نہتے کشمیریوں پر جاری بدترین مظالم کو رکوانے کیلئے اپنا کردار ادا کرنا ہو گا، شاہ محمود قریشی

جمعرات 22 اگست 2019 21:39

وفاقی وزیر انسانی حقوق شیریں مزاری کی وزیر خارجہ سے ملاقات،مقبوضہ ..
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 22 اگست2019ء) وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ عالمی برادری کو نہتے کشمیریوں پر جاری بدترین مظالم کو رکوانے کیلئے اپنا کردار ادا کرنا ہو گا۔جمعرات کو وفاقی وزیر انسانی حقوق ڈاکٹر شیریں مزاری نے وزارت خارجہ میں وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی سے ملاقات کی ۔ ملاقات میں دونوں رہنمائوں نے مقبوضہ کشمیر میں جاری انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں سمیت مختلف امورپر تبادلہ خیال کیا۔

شیریں مزاری نے وزیر خارجہ کو مقبوضہ جموں و کشمیر میں انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں کے خلاف وزارتِ انسانی حقوق کی طرف سے کی گئی کاوشوں سے آگاہ کیا۔ وزیر خارجہ نے کہا کہ عالمی میڈیا اور انسانی حقوق کی عالمی تنظیمیں اس ظلم و بربریت کو بے نقاب کر رہی ہیں ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ عالمی برادری کو نہتے کشمیریوں پر جاری بدترین مظالم کو رکوانے کیلئے اپنا کردار ادا کرنا ہو گا ۔

دونوں وزراء نے اقوام متحدہ ،سیکورٹی کونسل کے بعد مقبوضہ جموں و کشمیر میں انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کو دیگر فورمز پر بھی اجاگر کرنے کیلئے مشاورت کی۔وزیر انسانی حقوق شیریں مزاری نے صدر سیکورٹی کونسل کو بروقت خط لکھ کر تشویشناک حالات سے آگاہ کرنے اور پچاس سال کے بعد مسئلہ کشمیر کو سیکورٹی کونسل میں اجاگر کرنے پر وزیر خارجہ کو مبارکباد پیش کی۔