یوتھ امن میلے کا کامیاب انعقاد ان عناصرکے لئے واضح پیغام ہے جو بدامنی کے ذریعہ اپنے مذموم مقاصد کا حصول چاہتے ہیں،

مکران سمیت بلوچستان بھر میں امن قائم ہوا ہے جسے کسی صورت خراب نہیں ہونے دیا جائے گا، میلے میں نوجوانوں کے بڑی تعدادا میں شرکت اور جوش وخروش ایک روشن، ترقی یافتہ اور پرامن بلوچستان کا مظہر ہے ،وزیراعلیٰ بلوچستان جام کمال خان تین روزہ یوتھ امن میلہ کی اختتامی تقریب سے خطاب

جمعرات 22 اگست 2019 23:03

یوتھ امن میلے کا کامیاب انعقاد ان عناصرکے لئے واضح پیغام ہے جو بدامنی ..
کوئٹہ ۔22اگست(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 22 اگست2019ء) وزیراعلیٰ بلوچستان جام کمال خان نے کہا ہے کہ تربت یونیورسٹی میں منعقدہونے والے یوتھ امن میلے کا کامیاب انعقاد مکران کے نوجوانوں اور عوام کی جانب سے ان عناصرکے لئے ایک واضح پیغام ہے جو بدامنی کے ذریعہ اپنے مذموم مقاصد کا حصول چاہتے ہیں، مکران سمیت بلوچستان بھر میں امن قائم ہوا ہے جسے کسی صورت خراب نہیں ہونے دیا جائے گا، میلے میں نوجوانوں کے بڑی تعدادا میں شرکت اور جوش وخروش ایک روشن، ترقیاتی یافتہ اور پرامن بلوچستان کا مظہر ہے ان خیالات کا اظہارانہوں نے تربت یونیورسٹی میں انٹرنیشنل ریسرچ انسٹی ٹیوٹ اسلام آباد اور ضلعی انتظامیہ کیچ کے اشتراک سے پیغام پاکستان تحریک کے تحت منعقد ہونے والے تین روزہ یوتھ امن میلہ کی اختتامی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا، وفاقی وزیر محترمہ زبیدہ جلال، صوبائی وزراء میر ظہور بلیدی، میر سلیم کھوسہ، زمرک خان اچکزئی، نورمحد دمڑ، بشریٰ رند، مہ جبین شیران، رکن صوبائی اسمبلی لالہ رشید بلوچ، وزیراعلیٰ کے معاون خصوصی رامین محمد حسنی، فوکل پرسن بلال کاکڑ، چیف سیکریٹری بلوچستان ڈاکٹر اختر نذیر، وائس چانسلر تربت یونیورسٹی پروفیسر ڈاکٹر رزاق صابر، باپ پارٹی کے سینئر نائب صدر عبدالرؤف رند، سول سوسائٹی، اساتذہ اور طلباء اور طالبات کی بہت بڑی تعداد نے تقریب میں شرکت کی، وزیراعلیٰ نے کہا کہ پیغام پاکستان تحریک کا مقصد نوجوانوں کے ذریعہ امن اورترقی لا پیغام گھر گھر پہنچانا ہے، ملک اور صوبے کا مستقبل نوجوانوں سے وابستہ ہے، نوجوان حصول تعلیم کے ساتھ ساتھ ترقی کے عمل میں بھی ہراول دستے کا کردار ادا کریں، انہوں نے کہا کہ سی پیک ، گوادر پورٹ اور بارڈر مارکیٹوں کے قیام سے مکران کے لوگوں کے لئے روزگار اور ترقی کے وسیع مواقع پیدا ہوں گے اور ان کی معاشی حالت بہتر ہوگی، وزیراعلیٰ نے مکران کے عوام بالخصوص نوجوانوں پر زور دیا کہ وہ ملک دشمن عناصر کے پروپیگنڈہ سے خود کو محفوظ رکھیں جو بلوچستان کو تاریکی اور پسماندگی میںدھکیلنا چاہتے ہیں، انہوں نے کہا کہ قومیں مواقعوں سے فائدہ اٹھا کر آگے بڑھتی ہیں جبکہ غلط فیصلے قوموں کے زوال کا باعث بنتے ہیں،وزیراعلیٰ نے کہ صوبائی حکومت نے بجٹ میں تعلیمی ادارو ں کے لئے خطیرفنڈز مختص کئے ہیں جس سے تعلیم کے شعبہ میں بہتری آئے گی، وزیراعلیٰ نے کہا کہ تربت میں خضدار انجینئرنگ یونیورسٹی کا سب کیمپس اور نرسنگ کالج کا قیام عمل میں لایا جارہا ہے، تقریب سے میر رامین محمد حسنی نے بھی خطاب کیا جبکہ طلباء وطالبات کی جانب سے قومی یکجہتی سمیت دیگر موضوعات پر رنگارنگ تفریحی پروگرام پیش کئے گئے، بعدازاں وزیراعلیٰ نے تربت یونیورسٹی میں انجینئرنگ یونیورسٹی خضدار کے سب کیمپس کا سنگ بنیاد رکھا، انہوں نے ہدایت کی کہ سب کیمپس میں ان تمام شعبہ جات کا ترجیحی بنیادوں پر آغاز کیا جائے جن کی سی پیک میں مانگ ہے، وزیراعلیٰ نے تربت یونیورسٹی میں بوٹینیکل گارڈن کا افتتاح بھی کیا اور پودا لگاکر شجر کاری مہم کا آغاز کیا۔