حریت قیادت کا آج کشمیر میں کرفیو توڑ ریلیاں نکالنے کا اعلان

کشمیری نوجوان نماز جمعہ کے بعد تمام رکاوٹیں توڑ کر ریلیاں نکالیں گے

Sumaira Faqir Hussain سمیرا فقیرحسین جمعہ 23 اگست 2019 12:09

حریت قیادت کا آج کشمیر میں کرفیو توڑ ریلیاں نکالنے کا اعلان
سری نگر (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 23 اگست 2019ء) : حریت قیادت نے آج مقبوضہ کشمیر میں کرفیو توڑ ریلیاں نکالنے کا اعلان کر رکھا ہے۔ تفصیلات کے مطابق مقبوضہ کشمیر میں نوجوان نماز جمعہ کے بعد تمام رکاوٹیں توڑ کر ریلیاں نکالیں گے۔ بھارت نے کشمیریوں کو روکنے کے لیے رکاوٹیں کھڑی کر رکھی ہیں۔ سرینگر میں اقوام متحدہ کے فوجی مبصر گروپ کے دفتر تک مارچ ہو گا، جگہ جگہ چسپاں پوسٹرز میں حریت رہنماؤں نے شہریوں سے کرفیو توڑ کر نماز جمعہ ادا کرنے اور بھارتی قبضے کے لیے سڑکوں پر آنے کی اپیل کی کر رکھی ہے۔

قابض فوج نے کشمیریوں کے احتجاج کو روکنے کے لیے سڑکوں اور گلیوں میں قدم قدم پر رکاوٹیں کھڑی کردیں۔ مقبوضہ کشمیر میں تاحال موبائل سروس بند، انٹرنیٹ معطل، خوراک اور ادویات کی کمی ہے لیکن اس سب کے باوجود کشمیریوں کا جذبہ اور جدوجہد آزادی کی تحریک کو کوئی روک نہیں سکا۔

(جاری ہے)

کشمیری نوجوان بھارت سے وادی کا قبضہ چھڑوانے کے لیے تحریک آزادی کو منطقی انجام تک لے آئے ہیں۔

خیال رہے کہ بھارتی سرکار نے مقبوضہ کشمیر کی خصوصی حیثیت ختم کرنے کا اعلان کیا تھا ۔5 اگست کو مودی سرکار نے کشمیر کو خصوصی حیثیت دینے والے بھارتی آئین کے آرٹیکل 370 اے کو ختم کردیا تھا۔ راجیہ سبھا میں بل کے حق میں 125 جبکہ مخالفت میں 61 ووٹ آئے تھے، بھارت نے 6 اگست کو لوک سبھا سے بھی دونوں بل بھاری اکثریت کے ساتھ منظور کروالیے تھے جس کے بعد مقبوضہ وادی میں کرفیو نافذ ہے۔

مقبوضہ کشمیر میں آج کرفیو کا مسلسل 19 واں دن ہے۔ اور مواصلات کا نظام مکمل پر معطل ہے۔ قابض انتظامیہ نے ٹیلی فون سروس بند کررکھی ہے جبکہ ذرائع ابلاغ پرسخت پابندیاں عائد ہیں۔ کشمیرمیڈیا سروس کے مطابق مواصلاتی نظام کی معطلی، مسلسل کرفیو اور سخت پابندیوں کے باعث لوگوں کو بچوں کے لیے دودھ، زندگی بچانے والی ادویات اور دیگر اشیائے ضروریہ کی شدید قلت کا سامنا ہے۔