سی پیک سے نوجوانوں کیلئے روزگار اور ترقی کے نئے مواقعوں نے جنم لیا ہے،وزیراعلی بلوچستان

نوجوان ہمارے ملک کا قیمتی اثاثہ ہیں، ہمارا شمار ان خوش نصیب ملکوں میں ہوتا ہے جن کی مجموعی آبادی میں نوجوانوں کا تناسب زیادہ ہے،جام کمال خان

جمعہ 23 اگست 2019 18:51

سی پیک سے نوجوانوں کیلئے روزگار اور ترقی کے نئے مواقعوں نے جنم لیا ہے،وزیراعلی ..
گوادر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 23 اگست2019ء) وزیراعلیٰ بلوچستان جام کمال خان نے کہا ہے کہ سی پیک سے نوجوانوں کے لئے روزگار اور ترقی کے نئے مواقعوں نے جنم لیا ہے، نوجوان ہمارے ملک کا قیمتی اثاثہ ہیں، ہمارا شمار ان خوش نصیب ملکوں میں ہوتا ہے جن کی مجموعی آبادی میں نوجوانوں کا تناسب زیادہ ہے، پاکستان میں نوجوانو ں کی آبادی 60%سے زائد ہے، اگر ہم اسکل ڈیویلپمنٹ پر توجہ دیں تو ہیومن ریسورس کو بہتر کرسکتے ہیں جس سے ملک اور صوبے میں بیروزگاری کا خاتمہ ہوگا اور ملک کی معیشت میں ایک مجموعی بہتری دیکھنے کو ملے گی، ان خیالات کا اظہار انہوں نے گوادر میں پاک چائنہ یوتھ کونکلیو کی پہلی تقریب سے بطور مہمان خصوصی خطاب کرتے ہوئے کیا، تقریب میں صوبائی وزراء میر ظہور احمد بلیدی، زمرک خان اچکزئی، چائنہ کے قونصل جنرل اور طلباء وطالبات کی کثیر تعداد نے شرکت کی، اس موقع پر وزیراعلیٰ نے کہا کہ ہمارا صوبہ رقبے کے لحاظ سے پاکستان کا سب سے بڑا صوبہ ہے جس میں خدا نے ہمیں 750کلومیٹر سے زائد ساحلی پٹی سے نواز ا ہے، ہمیں اپنے صوبے کے وسائل سے بھرپور استفادہ کرنے کی ضرورت ہے، اس سلسلے میں نوجوانوں کا مثبت کردار انتہائی اہمیت کے حامل ہے، انہوں نے کہا کہ ہمیں اپنے نوجوانوں کو جدید تقاضوں سے ہم آہنگ تعلیم دینے کی ضرورت ہے جو دنیا کے بدلتے ہوئے چیلنجز کے عین مطابق ہو تاکہ ہم اپنے انفراسٹکچر، معاشی وسماجی صورتحال اور تعلیم کو بہتر بناسکیں، سی پیک کی صورت میں نوجوانوں کے لئے نئے مواقوں کے دریچے کھل گئے ہیں اور خوشحالی اور ترقی کے ایک نئے دور کا آغاز ہوا ہے جس سے یقینا پوری طرح سے مستفید ہونے کی ضرورت ہے، سی پیک سے گوادر کی اہمیت اور اس کے ساحل کی افادیت پوری دنیا کے سامنے احسن انداز میں نمایاں ہوئی ہے، سی پیک کی صورت میں پاک چائنہ کی مشترکہ کاوشوں سے دونوں ممالک کے نوجوانوں کے لئے ترقی کی نئی راہیں کھل گئی ہیں، سی پیک سے ملنے والے نئے مواقعوں کو بالکل نظر انداز نہیں کرنا چاہئے، ہم اپنی آنے والوں کی نسلوں کے لئے ایسی پالیسیاں بنائیں گے جن کے ثمرات دنیا کے سامنے عیاں ہوں ، پاکستان کی طرح چین بھی اپنے نوجوانوں پر سرمایہ کاری کررہا ہے جو کہ خوش آئند بات ہے، بلوچستان کی صورتحال پاکستان کے دیگر صوبوں سے مختلف ہے، قدرت نے ہمیں معدنی ذخائر اور طویل ساحلی پٹی عطا کی ہے جس سے بھرپور استفادہ کرنا دور حاضر کا اہم تقاضا ہے، اس ضمن میں گوادر پورٹ اتھارٹی کا کردار اہمیت کا حامل ہے تاکہ صوبے کے وسائل کو بروئے کار لاتے ہوئے بلوچستان کو ترقی کی راہ پر گامزن کیا جائے، انہوں نے گوادر ڈیویلپمنٹ اتھارٹی کو تقریب کے کامیاب انعقاد پر مبارکباد دی اور اس خواہش کا اظہار کیا کہ اس سلسلے میں اگلا یوتھ کنونشن چائنہ میں منعقد کیا جائے جس سے پاکستان اور خصوصاً بلوچستان کے نوجوانوں کو نئے تجربات ومشاہدات کا موقع مل سکے۔