نیب کا کاروباری برادری کے خلاف انکم، سیلز ٹیکس مقدمات شروع نہ کرنے کا اعلان

حال ہی میں نیب ملتان کی جانب سے فلور ملز مالکان کو جاری ہونے والے نوٹسز کو فوری طور پر معطل کیا جاتا ہے ، جسٹس ریٹائرڈ جاوید اقبال

جمعہ 23 اگست 2019 23:18

نیب کا کاروباری برادری کے خلاف انکم، سیلز ٹیکس مقدمات شروع نہ کرنے ..
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 23 اگست2019ء) قومی احتساب بیورو (نیب) کے چیئرمین جسٹس (ر) جاوید اقبال نے اعلان کیا ہے کہ نیب اب کاروباری برادری کے افراد کے خلاف انکم ٹیکس اور سیلز ٹیکس سے متعلق مقدمات شروع نہیں کرے گا۔احتساب کے ادارے سے جاری ایک اعلامیے کے مطابق چیئرمین نیب نے وفاق ایوان صنعت و تجارت کے صدر انجینئر دارد خان اچکزئی کی سربراہی میں کاروباری برادری کے ایک اعلیٰ سطح وفد سے نیب ہیڈکوارٹرز می ملاقات کی۔

اس موقع پر نیب چیئرمین نے کہا کہ تاجروں کے خلاف جو مقدمات پہلے سے موجود ہیں انہیں وفاقی بورڈ آف ریونیو (ایف بی آر) کو بھیج دیا جائیگا جبکہ حال ہی میں نیب ملتان کی جانب سے فلور ملز مالکان کو جاری ہونے والے نوٹسز کو فوری طور پر معطل کیا جاتا ہے اور وہ خود اس معاملے کو دیکھیں گے۔

(جاری ہے)

جسٹس (ر) جاوید اقبال نے کہا کہ نیب انسان اور کاروبار دوست ادارہ ہے اور اس کی اولین ترجیح تاجر برادری کو درپیش مسائل کو حل کرنا ہے۔

دوران خطاب چیئرمین نیب نے ان افواہوں کو مسترد کیا کہ نیب کی کارروائیاں کاروباری برادری کے لیے مسائل پیدا کر رہی ہیں۔انہوں نے کہا کہ بزنس کمیونٹی ملک کی اقتصادی ترقی میں اہم کردار ادا کر رہی ہے، تاجروں کی خوشحالی سے ہی ملک کی خوشحالی ہے اور نیب اس بات کو سامنے رکھتے ہوئے ہی اپنا کردار ادا کر رہا ہے۔اعلامیے کے مطابق احتساب کے ادارے کے چیئرمین نے تاجروں سے وعدہ کیا کہ ہزاروں افراد کو روزگار فراہم کرنے والوں کو ہراساں نہیں کیا جائیگا۔انہوں نے کہا کہ نیب دوران تفتیش کبھی بھی کسی کی عزت نفس مجروح نہیں کرتا۔انہوںنے کہاکہ تاجر برادری کے مفادات کے تحفظ' کے لیے نیب ہیڈ کوارٹرز میں ایک خصوصی ڈیسک قائم کی گئی ہے۔