بالی وڈ کی خیالاتی دنیا سے باہر نکلو اور حقیقت جاننے کیلئے کلبھوشن اور ابھینندن کا حشر دیکھ لو

ایسی حرکتوں کی بجائے مقبوضہ کشمیر میں جاری مظالم اور آر ایس ایس کی ہندو شدت پسندی و نازی ازم کیخلاف آواز بلند کرکے امن کے فروغ کی بات کرو: پاکستان مخالف ٹی وی سیریز بنانے پر ترجمان پاک فوج کا شاہ رخ خان کو جواب

muhammad ali محمد علی جمعہ 23 اگست 2019 21:16

بالی وڈ کی خیالاتی دنیا سے باہر نکلو اور حقیقت جاننے کیلئے کلبھوشن ..
لاہور (اردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین۔23 اگست 2019ء) پاکستان مخالف ٹی وی سیریز بنانے پر ترجمان پاک فوج کا شاہ رخ خان کو جواب، کہتے ہیں کہ بالی وڈ کی خیالاتی دنیا سے باہر نکلو اور حقیقت جاننے کیلئے کلبھوشن اور ابھینندن کا حشر دیکھ لو، ایسی حرکتوں کی بجائے مقبوضہ کشمیر میں جاری مظالم اور آر ایس ایس کی ہندو شدت پسندی و نازی ازم کیخلاف آواز بلند کرکے امن کے فروغ کی بات کرو۔

تفصیلات کے مطابق بالی وڈ کے کنگ کے طور پر مشہور اداکار شاہ رخ خان کی جانب سے نیٹ فلیکس کیلئے خصوصی سیریز تیار کی گئی ہے۔ یہ سیریز پاکستان کیخلاف بنائی گئی ہے جس میں جنگی جنون کو فروغ دیا گیا ہے۔ شاہ رخ خان کی جانب سے تیار کی گئی اس سیریز پر انہیں کافی تنقید کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔ جبکہ اس حوالے سے اب پاک فوج کے ترجمان میجر جنرل آصف غفور کی جانب سے بھی ردعمل دیا گیا ہے۔

(جاری ہے)



اپنے ذاتی ٹوئٹر اکاونٹ سے ٹوئٹ کرتے ہوئے میجر جنرل آصف غفور نے شاہ رخ خان کو مخاطب کیا اور انہیں مشورہ دیا کہ وہ بالی وڈ کی خیالاتی دنیا سے باہر نکل آئیں۔ ترجمان پاک فوج کا کہنا ہے کہ شاہ رخ خان حقائق جاننا چاہتے ہیں تو پھر پاکستان میں قید بھارتی دہشت گرد جاسوس کلبھوشن یادیو، پاک فضائیہ کے ہاتھوں مار کھانے والے بھارتی پائلٹ ابھینندن کا حشر اور 27 فروری کو بھارتی فوج کی شکست دیکھ لیں۔

میجر جنرل آصف غفور کا شاہ رخ خان سے کہنا ہے کہ ایسی حرکتوں کی بجائے وہ مثبت سوچ اور عمل کا مظاہرہ کریں۔ انہیں مقبوضہ کشمیر میں جاری مظالم اور آر ایس ایس کی ہندو شدت پسندی و نازی ازم کیخلاف آواز بلند کرکے امن کے فروغ کی بات کرنی چاہیئے۔