کشمیر کی آگ بھارت کی سلامتی کوجلا کررکھ دے گی، ڈاکٹرعارف علوی

بھارت مقبوضہ کشمیرمیں لوگوں کی خواہش دبا کرآگ سے کھیل رہا ہے، عالمی برادری بھارت کوغیرآئینی اقدامات سے روکنےکیلئے دباؤ ڈالے۔ صدرمملکت ڈاکٹر عارف علوی کا امریکن وائس نیوز کو انٹرویو

Sanaullah Nagra ثنااللہ ناگرہ جمعہ 23 اگست 2019 21:23

کشمیر کی آگ بھارت کی سلامتی کوجلا کررکھ دے گی، ڈاکٹرعارف علوی
اسلام آباد(اردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین۔23 اگست 2019ء) صدرمملکت ڈاکٹر عارف علوی نے کہا ہے کہ کشمیر کی آگ بھارت کی سلامتی کوجلا کررکھ دے گی، بھارت مقبوضہ کشمیرمیں لوگوں کی خواہش دبا کرآگ سے کھیل رہا ہے، عالمی برادری بھارت کوغیرآئینی اقدامات سے روکنےکیلئے دباؤ ڈالے۔  انہوں نے کینیڈین اور امریکن وائس نیوز کو انٹرویو دیتے ہوئے کہا کہ مسئلہ کشمیرطویل عرصے کے بعد عالمی سطح پرتوجہ کا مرکزبنا ہے۔

کشمیر کی آگ بھارت کی سلامتی کوجلا کررکھ دے گی۔ بھارت مقبوضہ کشمیرمیں لوگوں کی خواہش دبا کرآگ سے کھیل رہا ہے۔ دوسری جانب امریکی جریدے نیویارک ٹائمز نے مقبوضہ کشمیر میں بھارتی مظالم کا پول کھول دیا، کہا گیا ہے کہ کشمیر سرحد پار دونوں طرف صورتحال کشیدہ ہے۔ کشمیریوں کی بھارت کے خلاف جدوجہد دہائیوں سے جاری ہے۔

(جاری ہے)

کشمیریوں کو جھکانا ہندوانتہاء پسندوں کا پرانا خواب ہے۔

بھارتی فوج کشمیریوں کوپیلٹ گنز، آنسوگیس سے نشانہ بنا رہی ہے۔بھارتی حکومت بتانے کو تیار نہیں کہ اتنی گرفتاریوں کی وجہ کیا ہے۔ نیویارک ٹائمز کی رپورٹ میں کہا گیا کہ گرفتار افراد میں انسانی حقوق کے نمائندے، اساتذہ اور طلبہ بھی شامل ہیں۔ بھارتی حکام نے دعویٰ کیا ہے کہ 2ہزار کشمیریوں کو حراست میں لیا گیا ہے۔واضح رہے مقبوضہ جموں کشمیر میں 19روز بھی کرفیونافذ ہے۔

بھارتی فوج نے مقبوضہ وادی میں مساجد کو تالے لگا اور نماز پڑھنے اور مارچ بھی نہیں کرنے دیا۔ دوسری جانب وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کشمیر سے متعلق بھارت کے یکطرفہ اقدامات کے بعد عالمی سطح پر سفارتی کوششیں جاری رکھتے ہوئے اقوام متحدہ کی ہائی کمشنر برائے انسانی حقوق (او ایچ سی ایچ آر) کو مقبوضہ کشمیر کی صورتحال سے متعلق ایک اور مراسلہ بھیج دیا۔

تازہ مراسلے میں مقبوضہ جموں و کشمیر میں انسانی حقوق اور ہیومنیٹیرین کی تیزی سے بگڑتی ہوئی صورتحال کی جانب توجہ دلائی گئی ہے۔جمعہ کو ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق خط میں 5 اگست کو بھارت کی جانب سے آرٹیکل 370 کے خاتمے سے متعلق مقبوضہ کشمیر کی خصوصی حیثیت ختم کرنے کے غیر قانونی اور یک طرفہ اقدامات اور نتائج سے تفصیلی آگاہ کیا گیا ہے۔

خط میں بھارتی حکومت کی جانب سے مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی خلاف ورزی پر پاکستان کی جانب سے تشویش کا اظہار کیا گیا ہے اور کہا گیا ہے کہ بھارتی اقدامات اقوام متحدہ کے منشور، سلامتی کونسل کی قراردادوں، عالمی قانون اور بھارت کے اپنے وعدوں کی خلاف ورزی ہے۔خط میں اقوام متحدہ کے ساتھ ساتھ عالمی برادری پر زور دیا گیا ہے کہ وہ بھارت سے یک طرفہ اقدامات واپس لینے، کرفیو ہٹانے اور دیگر سخت اقدامات کے خاتمے کا مطالبہ کرے۔بیان میں کہا گیا کہ شاہ محمود قریشی کا خط اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل اور رکن ممالک کے سامنے پیش کیا جائے گا۔