چین کی دوائی کی وجہ سے ہر سال ایک لاکھ امریکی مرتے ہیں، اب ان سے کوئی تجارت نہیں ہوگی ،‘ ٹرمپ

ہمیں چین کی کوئی ضرورت نہیں ہے اور ہم چین کے بغیر ہی ٹھیک ہیں۔امریکی صدر کا ٹویٹ

ہفتہ 24 اگست 2019 00:05

چین کی دوائی کی وجہ سے ہر سال ایک لاکھ امریکی مرتے ہیں، اب ان سے کوئی ..
واشنگٹن (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 23 اگست2019ء) امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے امریکی کمپنیوں کو چینی مارکیٹ کا متبادل تلاش کرنے کا حکم دے دیا ہے۔ انہوں نے کہا ہے کہ چین سے آنے والی ایک دوائی کی وجہ سے ایک لاکھ امریکی سالانہ موت کے منہ میں جاتے ہیں اس لیے انہوں نے درآمدی کمپنیوں سے کہہ دیا ہے کہ چین سے یہ دوائی نہ منگوائی جائے۔امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے اپنے ٹوئٹر پر کہا کہ گزشتہ کئی سال سے امریکہ احمقانہ طور پر چین کوکئی ٹریلین ڈالرز دے رہا ہے۔

’ انہوں نے ہماری انٹیلیکچوئل پراپرٹی کی چوری سے ہمیں سالانہ سینکڑوں ارب ڈالرز کا نقصان پہنچایا ہے اور وہ اس کو جاری رکھنا چاہتے ہیں، میں مزید یہ سب نہیں ہونے دوں گا، ہمیں چین کی کوئی ضرورت نہیں ہے اور ہم چین کے بغیر ہی ٹھیک ہیں۔

(جاری ہے)

‘صدر ٹرمپ نے کہا کہ چین کی جانب سے امریکہ سے سالہا سال سے جو رقم چرائی جارہی ہے اس کا خاتمہ کرنا ہوگا، امریکہ کی تمام عظیم کمپنیوں کو حکم دے دیا گیا ہے کہ وہ چین کا متبادل تلاش کریں اور ان چینی کمپنیوں کو بھی پیغام پہنچادیا گیا ہے جو امریکہ میں اپنی پراڈکٹس تیار کرتی ہیں۔

انہوں نے کہا کہ یہ امریکہ کیلئے بہت بڑا موقع ہے، ’ میں کارگو کمپنیوں بشمول فیڈ ایکس، امازون، یو پی ایس اور پوسٹ آفس کو حکم دیتا ہوں کہ چین سے آنے والے فینٹائل کے تمام آرڈرز منسوخ کردیں۔ ‘امریکی صدر نے کہا کہ چین سے آنے والی دوائی فینٹائل کے باعث امریکہ میں سالانہ ایک لاکھ اموات ہوتی ہیں، صدر شی نے یقین دلایا تھا کہ یہ بند ہوگا لیکن ایسا ہوا نہیں ، گزشتہ ڈھائی سال میں بہتری کے باعث ہماری معیشت چین سے بہت بڑی ہوگئی ہے اور ہم اسے ایسے ہی رکھیں گے۔