سرفراز احمد کو برطرف کرکے اظہر علی کو کپتان بنانے کا فیصلہ

مڈل آرڈر بلے باز کو سری لنکا کیخلاف سیریز کے آغاز سے قبل کپتان بنانے کا باقاعدہ اعلان کیا جائے گا

muhammad ali محمد علی جمعہ 23 اگست 2019 23:58

سرفراز احمد کو برطرف کرکے اظہر علی کو کپتان بنانے کا فیصلہ
لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 23 اگست2019ء) سرفراز احمد کو برطرف کرکے اظہر علی کو کپتان بنانے کا فیصلہ، مڈل آرڈر بلے باز کو سری لنکا کیخلاف سیریز کے آغاز سے قبل کپتان بنانے کا باقاعدہ اعلان کیا جائے گا۔ تفصیلات کے مطابق میڈیا رپورٹ میں دعویٰ کیا جا رہا ہے کہ ٹیسٹ فارمیٹ کیلئے پاکستان کرکٹ ٹیم کے کپتان کی تبدیلی کا فیصلہ کر لیا گیا ہے۔

ٹیسٹ کرکٹ ٹیم کے کپتان کیلئے کئی نام زیر غور تھے۔ اوپننگ بلے باز شان مسعود، مڈل آرڈر بلے باز اسد شفیق اور سابق کپتان اظہر علی کو سرفراز احمد کی جگہ کپتان بنائے جانے کی خبریں زیر گردش تھیں۔ اب بتایا جا رہا ہے کہ سرفراز احمد کو مسلسل مایوس کن کارکردگی کے باعث ٹیسٹ ٹیم کی کپتانی سے ہٹانے کا حتمی فیصلہ کر لیا گیا ہے۔

(جاری ہے)

سرفراز احمد کی جگہ سابق کپتان اور مڈل آرڈر بلے باز اظہر علی کو ہی دوبارہ کپتان بنایا جائے گا۔

تاہم اس حوالے سے جلد بازی میں کوئی اعلان نہیں کیا جائے گا۔ ذرائع کے مطابق پاکستان اور سری لنکا کے درمیان سیریز کا آغاز 27 ستمبر سے ہوگا۔ پاکستان اور سری لنکا کی سیریز کے آغاز سے قبل اظہر علی کو کپتان بنا دیے جانے کا باقاعدہ اعلان کیا جائے گا۔ واضح رہے کہ سرفراز احمد کو مصباح الحق کی ریٹائرمنٹ کے بعد پاکستان کی ٹیسٹ ٹیم کی کپتانی بھی سونپ دی گئی تھی۔

تاہم سرفراز احمد کی ٹیسٹ میچز میں انفرادی کارگردگی اور بطور کپتان کارکردگی انتہائی مایوس کن رہی ہے۔ سرفراز احمد کی کپتانی میں قومی کرکٹ ٹیم، جو مصباح الحق کی کپتانی میں پہلی مرتبہ دنیا کی نمبر 1 ٹیم بننے کا اعزاز حاصل کر پائی تھی، وہ گزشتہ 2 برس کے دوران کوئی خاطر خواہ کارکردگی دکھانے میں ناکام رہی ہے۔ اسی باعث اب ان سے ٹیسٹ کرکٹ ٹیم کی کپتانی واپس لیے جانے کی باتیں کی جا رہی ہیں۔