گلوکار جگرجلال ساتھیوں سمیت بازیاب

پانچ دن کی تگ و دو کے بعد پالیس انہیں برآمد کرنے میں کامیاب ہو ہی گئی

Sajjad Qadir سجاد قادر ہفتہ 24 اگست 2019 05:29

گلوکار جگرجلال ساتھیوں سمیت بازیاب
لاہور ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 24 اگست2019ء)   مشہور گلوکار جگر جلال جس دن سے اغوا ہوئے ہیں اسی دن سے شور مچا ہوا تھااور ان کا سراغ نہ ملنے پر پولیس پر بھی سوالیہ نشان لگ گیا تھا۔جگر جلال جیسے لوک گلوکار کا اغوا پولیس پر سوالیہ نشان بن چکا تھا جس کا نوٹس اعلیٰ قیادت نے بھی لیا۔ تاہم اب خبر آئی ہے کہ مشہور لوک گلوکار جگر جلال کو پولیس نے گرینڈ آپریشن کرتے ہوئے بازیاب کروا لیا ہے۔

سندھ کے لوگ گلوکار جگر جلال کو ساتھیوں سمیت شکارپور کے کچے کے علاقے گڑہی تیغو سے بازیاب کرایاگیا ہے، پولیس نے آپریشن میں دس ڈاکوؤں کی گرفتاری کا بھی دعویٰ کیا ہے۔پولیس کے مطابق مغویوں کی بازیابی کے لیے جیکب آباد، کشمور اور شکارپور پولیس سمیت کراچی کے کمانڈوز نے بھی حصہ لیا۔

(جاری ہے)

ڈی آئی جی لاڑکانہ کے مطابق 10سے 12 گرفتاریاں ہوئی ہیں، بازیابی کے لیے کوئی ڈیل نہیں ہوئی ہے۔

آپریشن میں تین ڈاکو بھی مارے گئے جبکہ شہید ہونے والے ڈی ایس پی خانپور راؤ شفیع اللہ کے قتل کا مقدمہ ڈاکو بیلو تیغانی اور یعقوب تیغانی سمیت 20افراد پر درج کرلیا گیا۔ڈی آئی جی لاڑکانہ عرفان بلوچ کا کہنا تھا کہ آپریشن کو مزید تیز کریں گے، جلد ڈی ایس پی راؤشفیع اللہ کے قاتلوں کو گرفتار کریں گے۔یاد رہے کہ کچھ دن قبل گلوکار نبی بخش عرف جگرجلال، بیٹا آفتاب چانڈیو، بھتیجا امیرعلی،سازندہ لطیف تنیو اور ڈرائیور بہادر پنھور اتوار کو شکارپور کے علاقے گڑھی تیغو میں پروگرام کے لیے گئے تھے جہاں سے ڈاکوؤں نے اغوا کیا۔

تب سے اب تک پولیس انہیں بازیاب کرنے کے لیے سرگرداں تھی اور انہوں نے کئی علاقوں کا سرچ آپریشن بھی کیا تھا۔تاہم پانچ دن کی تگ و دو کے بعد بالآخر جگر جلال کو بازیاب کروا لیا گیاہے۔