ہارون بلور کو قتل کیا اب اس کے بیٹے کی باری ہے

پشاور میں بلورخاندان کو افغانستان کے نمبر سے دھمکی آمیز کالز موصول، ہارون بلور کے بیٹے کو مارنے کی دھمکیاں

Muqadas Farooq Awan مقدس فاروق اعوان ہفتہ 24 اگست 2019 11:09

ہارون بلور کو قتل کیا اب اس کے بیٹے کی باری ہے
پشاور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 24 اگست2019ء) پشاور میں بلورخاندان کو افغانستان کے نمبر سے دھمکی آمیز کالز موصول ہو رہی ہیں۔اس حوالے سے میڈیا رپورٹس میں بتایا گیا ہے کہ خیبرپختونخوا کی رکنِ اسمبلی ثمر بلور کے سیکرٹری نے سی ٹی ڈی پشاور میں رپورٹ درج کرا دی ہے۔ایف آئی آر کے متن میں کہا گیا ہے کہ کالر ہارون بلور کے بیٹے کو قتل کرنے کی دھمکیاں دے رہا ہے۔

کالر نے ہارون بلور اور بشیر بلور کو قتل کرنے کا بھی اعتراف کیا ہے۔واضح رہے رواں سال عوامی نیشنل پارٹی کے شہیدرہنما ہارون بلور اور رکن صوبائی اسمبلی ثمر بلور کے بیٹے دانیال بلور پارٹی سے مستعفی ہو گئے تھے۔دانیال بلور کے استعفے کی بلور خاندان نے بھی تصدیق کردی ۔ بلور خاندان کا کہنا ہے کہ پارٹی کے دو مرکزی عہدیداروں نے گھر میں آکر ان کو انٹرا پارٹی انتخابات میں حصہ لینے سے باز رہنے کا حکم دیا تھا۔

(جاری ہے)

خیال رہے گذشتہ سال الیکشن سے قبل جولائی کے مہینے میں پشاورکے علاقے یکہ توت میں عوامی نیشنل پارٹی کے جلسے میں خوفناک خود کش بم دھماکہ ہوا تھا ۔ دھماکہ اسٹیج کے قریب ہوا ۔ دھماکے کے نتیجے میں اے این پی رہنما ہارون بلور سمیت 21 افراد شہید جبکہ 62 سے زائد افراد زخمی ہوئے جنہیں طبی امداد کے لیے اسپتال منتقل کیا گیا۔یاد رہے کہ ہارون بلور نے سنہ 2012 میں عملی سیاست کا آغاز بلدیاتی انتخابات سے کیا۔

انھوں نے پشاور میں ہونے والا بلدیاتی انتخاب جیتا۔ اس کے بعد انھوں نے پارلیمانی سیاست میں متحرک کردار ادا کرنا شروع کیا۔ بشیر احمد بلور کی ہلاکت کے بعد ہارون بلور خیبر پختونخوا میں وزیر اعلیٰ کے مشیر رہے تھے۔ گذشتہ سال وہ صوبائی اسمبلی کے حلقہ پی کے 78 سے انتخاب میں حصہ لے رہے تھے جبکہ ان کے چچا غلام احمد بلور قومی اسمبلی کے حلقہ این اے 31 سے الیکشن لڑ رہے ہیں۔