یمن کی عبوری کونسل نے سعودی عرب کی اپیل پرشبوة میں لڑائی روک دی

شبوة گونری میں صدر عبد ربہ منصورھادی کی وفادار فورسز نے سیکیورٹی کے تمام انتظامات دوبارہ سنبھال لیے

ہفتہ 24 اگست 2019 11:32

یمن کی عبوری کونسل نے سعودی عرب کی اپیل پرشبوة میں لڑائی روک دی
صنعاء (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 24 اگست2019ء) جنوبی یمن کی علیحدگی کے لیے سرگرم عبوری کونسل نے سعودی عرب کی اپیل پر شبوة گورنری میں جنگ بند کرتے ہوئے یمنی حکومت کے ساتھ بات چیت پرآمادگی ظاہر کی ہے۔عرب ٹی وی کے مطابق عبوری کونسل کا ایک وفد سعودی عرب کے شہر جدہ پہنچ گیا ہے۔ عبوری کونسل نے آئینی صدر عبد ربہ منصور ھادی کے حوالے سے اعتراضات ختم کردیے ہیں اور انہیں صدر تسلیم کرنے پراتفاق کیا ہے۔

ذرائع کا کہنا تھا کہ شبوة گورنری میں عبوری کونسل نے جنگ بندی کی سعودی عرب کی اپیل پرعمل درآمد کرتے ہوئے حکومت کے ساتھ جاری اختلافات بات چیت کے ذریعے ختم کرنے کا اعلان کیا ہے۔حکومت کے ساتھ جاری اختلافات ختم کرنے کے لیے عبوری کونسل آنے والے دنوں میں ٹھوس اور نتیجہ خیز مذاکرات کے لیے تیار ہے۔

(جاری ہے)

یمنی وزیراعظم معین عبدالملک نے شبوة کی تمام قوتوں سے اپنی صفوں میں اتحاد پیدا کرنے کی اور ملک کی سلامتی کو لاحق خطرات کا مل کرمقابلہ کرنے کی ضرورت پر زرو دیا تھا۔

انہوں نے شبوة کے گورنر کو ٹیلیفون کرکے وہاں کے حالات اور آئینی حکومت کی عمل داری کی بحالی کے معاملے پر بات چیت کی۔اس موقع پر شبوة کے گورنر نے مقامی حکومت، نیشنل آرمی اور دیگر حکومت نواز فورسز کی معاونت سے گورنری میں امن وامان کے قیام کے لیے جاری کوششوں کے بارے میں آگاہ کیا۔اس سے قبل ذرائع نے بتایاکہ شبوة گونری میں صدر عبد ربہ منصورھادی کی وفادار فورسز نے سیکیورٹی کے تمام انتظامات دوبارہ سنبھال لئے ہیں۔