علامہ اقبال اوپن یونیورسٹی میں ترک طلبہ کی چھ ہفتوں پر مشتمل "ایڈوانس اردو" کورس کے اختتام پر تقریب کا اہتمام

ہفتہ 24 اگست 2019 11:57

علامہ اقبال اوپن یونیورسٹی میں ترک طلبہ کی چھ ہفتوں پر مشتمل "ایڈوانس ..
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 24 اگست2019ء) علامہ اقبال اوپن یونیورسٹی میں ترک طلبہ کی چھ ہفتوں پر مشتمل "ایڈوانس اردو" کورس کے اختتام پر تقریب کا اہتمام کیا گیا ۔ پاکستان میں ترکی کے سفیر ،ْ احسان مصطفیٰ یوردکول تقریب کے مہمان خصوصی تھے۔اپنے خطاب میں ترک سفیر نے کہا کہ یہ بات قابل تحسین ہے کہ محض چھ ہفتوں کی تربیت کے بعد ترکش طلبہ اردو لکھنے ،ْ پڑھنے اور بولنے کے قابل ہوگئے ہیں۔

انہوں نے اوپن یونیورسٹی کی ترکی کے طلبہ کے لئے تعاون جاری رکھنے کی خواہش کا اظہار کیا۔اس موقع پر وائس چانسلر ،ْ پروفیسر ڈاکٹر ضیاء القیوم نے کہا کہ اوپن یونیورسٹی خواہش رکھتی ہے کہ زیادہ سے زیادہ غیر ملکی طلبہ کو اپنی تعلیمی نیٹ میں شامل کیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ ہم بین الاقوامی تعلیمی اداروں کے ساتھ فیکلٹی ممبرز و طلبہ کے تبادلوں ،ْ تعلیمی معیار میں بہتری لانے اور مشترکہ تعلیمی پروگرامز شروع کرنے پر خصوصی توجہ رکھتے ہیں۔

(جاری ہے)

ڈاکٹر ضیاء القیوم نے کہا کہ اوپن یونیورسٹی غیر ملکی جامعات بالخصوص وسطی ایشاء کی ریاستوں کے تعلیمی اداروں کے ساتھ دو طرفہ تعلقات بڑھانے میں فعال طور پر مصروف عمل ہے۔انہوں نے کہا کہ 6ہفتوں پر مشتمل تربیت کے دوران ترک طلبہ نے پاکستانی ثقافت اور تاریخی روایات سے بھی آگاہی حاصل کرلی ہے،انہیں اسلام آباد، لاہور، پشاور اوردیگر چند تاریخی مقامات کی سیر بھی کرائی گئی ۔واضح رہے تربیتی کورس کا اہتمام یونیورسٹی کے شعبہ اردوکی طرف سے کیاگیا تھا۔گریجویشن تقریب سے یونیورسٹی کے رجسٹرار ڈاکٹر محمد ضیغم قدیر، ڈین سوشل سائنسسزپروفیسر ڈاکٹر ثمینہ اعوان اور دیگر نے بھی خطاب کیا۔