مکہ مکرمہ:40سالوں سے حجاج کرام کی خدمت کرنے والا سعودی رضاکار کون ہے؟

ناصر الخلیفی حج کے دوران اپنے والدین سے بچھڑ جانے والے بچوں کو تلاش کر کے مخصوص کیمپوں میں پہنچا دیتے ہیں

Muhammad Irfan محمد عرفان ہفتہ 24 اگست 2019 12:18

مکہ مکرمہ:40سالوں سے حجاج کرام کی خدمت کرنے والا سعودی رضاکار کون ہے؟
مکّہ مکرمہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین،24 اگست 2019ء) سعودی عرب میں حج اور عمرہ کے سیزن میں بڑی تعدادمیں رضا کار عازمین اور معتمرین کی خدمت میں پیش پیش رہتے ہیں۔ اکثر رضا کار ایسے ہوتے ہیں جو اسے نوکری سے زیادہ مذہبی فریضہ سمجھ کر ادا کرتے ہیں جن کا مقصد بس اللہ کی خوشنودی حاصل کرنا اور انسانیت کی خدمت ہے۔ ایسا ہی ایک رضا کار سعودی شہری ناصر الخلیفی ہے جو مسلسل 40 برسوں سے حج کے لیے آنے والے کلمہ گو بھائیوں کی خدمت میں مصروف ہے۔

العربیہ نیٹ کی رپورٹ کے مطابق الخلیفی کی پچھلے چالیس سالوں سے ذمہ حج کے لیے آنے والے افراد کے بچوں کی دیکھ بھال کرنا ہے۔ وہ ایسے بچے کو تلاش کرتے ہیں جو حج کے موقع پر مقاماتِ مقدسہ میں اپنے والدین سے بچھڑجاتے ہیں۔ پھر وہ ان پریشان بچوں کو قریب ہی بنے ایسے بچوں کے لیے مخصوص کیمپ میں پہنچا دیتے ہیں جہاں ان بچوں کو ان کے والدین سے مِلا دیا جاتا ہے۔

(جاری ہے)

سعودی عرب کی حجاج کرام کے لیے رضاکار تنظیم الکشافہ السعودیہ سے وابستہ ناصرالخلیفی نے حجاج کرام کے بچوں کی دیکھ بحال کا مشن چالیس سال پیشتر شروع کیا۔سعودی عرب کی سرکاری نیوز ایجنسی 'ایس پی اے' کی طرف سے حجاج کرام کے بچوں کی دیکھ بحال کرنے والے اس عظیم رضاکار کی تصاویر شائع کی ہیں۔ ڈھلتی عمر کے باوجود وہ ہشاش بشاش، خوش وخرم اور ہنستے مسکراتے دیکھے جاسکتے ہیں۔

العربیہ ڈاٹ نیٹ سے بات کرتے ہوئے الخلیفی نے کہا میری زندگی کے حالیہ چالیس سال بہت قیمتی اور خوبصورت ہیں۔ ہم چوبیس گھنٹے حجاج کرام کے گم ہونے والے بچوں کی تلاش کرکے انہیں ان کے والدین سے ملانے کی کوشش جاری رکھتے ہیں۔ ان کا کہنا ہے کہ والدین سے جدا ہونے والے بچوں کو ملنے پرانہیں تحائف دیے جاتے ہیں۔ انہیں کھلونے، نرم کمبل، کپڑے کھانے کی اشیا اور مٹھائیاں دی جاتی ہیں۔ایک سوال کے جواب میں ناصر الخلیفی نے بتایا کہ اس نے نوجوانی کی عمر میں ہی حجاج کرام کی خدمت شروع کردی تھی۔