صوبائی کبڈی ایسوسی ایشن کے بینر تلے جشن آزادی کپ کبڈی سیریز کا آغازہوگیا

پشاورکے مضافاتی علاقہ ککڑ گراں میں منعقدہ سیریزکے پہلے میچ میں شکرہ پورہ کے ٹیم نے نوشہرہ کبڈی ٹیم کوہرایا

ہفتہ 24 اگست 2019 14:26

صوبائی کبڈی ایسوسی ایشن کے بینر تلے جشن آزادی کپ کبڈی سیریز کا آغازہوگیا
پشاور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 24 اگست2019ء) خیبر پختونخواکبڈی ایسوسی ایشن کے زیراہتمام گزشتہ سالوں کی طرح امسال بھی جشن آزادی کی مناسبت سے آزادی کپ کبڈی سیریزکا آغازہوگیا،ایونٹ کے افتتاحی میچ کے موقع پر ٹائون ٹوکے نائب ناظم ٹائون ٹونعیم علی شاہ مہمان خصوصی تھے جبکہ انکے ہمراہ صوبائی کبڈی ایسوسی ایشن کے سیکرٹری جنرل سلطان سید علی شاہ بری اور دیگر شخصیات بھی موجود تھے،جنہوںنے ایونٹ کا باقاعدہ افتتاح کیا۔

ٹائون ٹوکے نائب ناظم نعیم علی شاہ کے تعاون سے منعقدہ پشاورکے مضافاتی علاقہ ککڑگراں میں کھیلی جانیوالی سیریزکے پہلے روز میچ میں نوشہرہ ڈسٹرکٹ اور شکرہ پورہ کی ٹیموںکے مابین مقابلہ ہوا،جس میں شکرہ پورہ ٹیم کے کھلاڑیوں نے شاندار کھیل کا مظاہرہ کرکے مدمقابل نوشہرہ کی ٹیم کو32-30پوائنٹس سے شکست دیکر سیریزمیں ایک صفر سے کامیابی حاصل کرلی۔

(جاری ہے)

اس موقع پر میڈیاسے گفتگوکرتے ہوئے سلطان بری نے بتایاکہ پنجاب اور خیبر پختونخواکے مضافاتی علاقوںمیں روایتی کھیل کبڈی کو بے پناہ مقبولیت حاصل ہے یہی وجہ ہے کہ جب بھی پشاور میں کبڈی ٹورنامنٹ کا آغازہوتاہے تو ہزاروں کی تعدادمیں تمشائی ان میچزکے دیکھنے کیلئے آتے ہیں جس سے میچ کا مزہ دوبلاہوتاہے اور دونوں ٹیموں کے کھلاڑی بھر پور جذبے سے کھیلنے لگتے ہیں،انکاکہناتھاکہ لوگوںکے جذبے سے بخوبی اندازہ ہوتاہے کہ صوبے میں روایتی کھیل کبڈی کو آج بھی پسندکیاجاتاہے ۔

انہوںنے کہاکہ صوبائی سپورٹس ڈائریکٹریٹ اور خیبر پختونخوااولمپک ایسوسی ایشن کی قیادت میں صوبائی کبڈی ایسوسی ایشن کی کوشش ہوتی ہے کہ کبڈی کے زیادہ سے زیادہ مقابلے منقد ہوں اور اس کھیل کو پہلے سے زیادہ مقبول کے طور پر سامنے لایاجاسکے،اور اللہ کافضل ہے کہ اس کوشش میں ہم کافی حدتک کامیاب ہوئے ہیں۔انہوں نے کہاکہ کبڈی سیریز کے فائنل میچ میں ڈی جی سپورٹس ڈائریکریٹ خیبر پختونخوااسفندیار خٹک مہمان خصوصی ہونگے ،جو نمایاں پوزیشن لینے والے کھلاڑیوںمیں ٹرافیاں تقسیم کرینگے ۔