پاکستان میں کارپٹ کی عالمی نمائش میں شرکت کے لیے غیر ملکیوں سے رابطے جاری‘مصنوعات کے معیار پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا، سینئر وائس چیئرمین کارپٹ ایسوسی ایشن اعجاز الرحمان

ہفتہ 24 اگست 2019 14:33

پاکستان میں کارپٹ کی عالمی نمائش میں شرکت کے لیے غیر ملکیوں سے رابطے ..
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 24 اگست2019ء) مختلف ممالک سے تعلق رکھنے والے 100سے زائد خریداروں نے پاکستان میں ہونے والی کارپٹ کی عالمی نمائش میں شرکت کی خواہش کا اظہار کیا ہے اور ابھی مزید رابطے جاری ہیں ،کامیابی کیلئے ٹریڈ ڈویلپمنٹ اتھارٹی سمیت دیگر اداروں سے تکنیکی معاونت حاصل کی جائے گی ، نمائش میں مصنوعا ت کے معیار پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا اور اعلیٰ معیار اور منفرد ڈیزائنوں سے مزین کارپٹ مصنوعا ت کو ڈسپلے کیا جائے گا۔

ان خیالات کااظہار پاکستان کارپٹ ایسوسی ایشن کے سینئر وائس چیئرمین اورنمائش کے چیف آرگنائزر اعجاز الرحمان نے پی سی ایم کی عمارت میںمنعقدہ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔ اجلاس میں سینئر مرکزی رہنما عبد اللطیف ملک، کارپٹ ٹریننگ انسٹی ٹیوٹ کے چیئر پرسن پرویز حنیف، سینئر ممبر ریاض احمد، سعید خان، ملک محمداکبر، میجر (ر) اختر نذیر سمیت دیگر نے شرکت کی ۔

(جاری ہے)

اجلاس میں غیر ملکیوں کیلئے پیکج کی منظوری دی گئی اور تمام شرکاء نے نمائش کی بھرپور کامیابی کیلئے انفرادی اور اجتماعی کردار ادا کرنے کے عزم کا اظہار کیا ۔اعجازالرحمان نے کہا کہ غیر ملکی خریداروں کی جانب سے نمائش میںشرکت کے حوالے سے مثبت ردعمل ظاہر کیا گیا ہے اور نمائش کی کامیابی سے یقینی طو رپرمشکلات کاشکارکارپٹ انڈسٹری کو تقویت ملے گی ۔

انہوںنے کہا کہ روایتی حریف بھارت کی جانب سے دانستہ طور پر پاکستانی نمائش سے ٹکرائو کے اقدام کے باعث یہ نمائش انتہائی اہمیت کی حامل ہے اور ہمیں قوی امید ہے کہ ٹریڈ ڈویلپمنٹ اتھارٹی پاکستان اور دیگر متعلقہ ادارے ہماری تکنیکی معاونت سمیت ہر طرح کی سپورٹ دیں گے اور ان سے مددحاصل کی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ شرکاء پر زور دیا کہ نمائش میں مصنوعات کے معیار پر ہرگز کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جا ئے گا اور سٹال ہولڈرزاعلیٰ معیار اور منفرد ڈیزائنوں سے مزین کارپٹ مصنوعات کو ڈسپلے کرنے کے پابند ہوں گے کیونکہ مذکورہ نمائش ہماری مصنوعات کی عالمی سطح پر مارکیٹنگ کا ایک موثرذریعہ ہے اور ہم نے اس کے ذریعے اپنی انڈسٹری کو تقویت دینی ہے ۔

اس موقع پر شرکاء کی جانب سے نمائش کی کامیابی کیلئے مختلف تجاویز بھی دی گئیں۔

متعلقہ عنوان :