نئے پاکستان میں ہر کام نرالا؛ کابینہ کمیٹی اجلاس میں مرحوم شخصیت کو مدعو کر لیا گیا

محکمہ پرائمری اینڈ سیکنڈری ہیلتھ پنجاب نے اجلاس میں موجودہ کے بجائے ن لیگی دور کے سابق وزیر کو بھی مدعو کر لیا

Muqadas Farooq Awan مقدس فاروق اعوان ہفتہ 24 اگست 2019 15:13

نئے پاکستان میں ہر کام نرالا؛ کابینہ کمیٹی اجلاس میں مرحوم شخصیت کو ..
لاہور د (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 24 اگست 2019ء) محکمہ پرائمری اینڈ سیکنڈری ہیلتھ پنجاب نے انوکھا کارنامہ سر انجام دیتے ہوئے کابینہ کمیٹی کے اجلاس میں موجودہ کے بجائے ن لیگی دور کے سابق وزیر کو مدعو کر لیا۔اس حوالے سے میڈیا رپورٹس میں بتایا گیا ہے کہ پرائمری اینڈ سیکنڈری ہیلتھ کے محکمے کی جانب سے ایک مرحوم ڈاکٹر کو بھی اجلاس میں شرکت کی دعوت دی گئی ہے۔

سید رضا علی گیلانی ن لیگ کے دور میں صوبائی وزیر ہائیر ایجوکیشن تھے جب کہ دعوت نامے کے ناموں کی فہرست میں شامل ڈاکٹر فیصل مسعود کا انتقال چند روز قبل ہی ہوا تھا۔سابق وزیر سید رضا علی گیلانی اور مرحوم ڈاکٹر فیصل مسعود کو کابینہ کے ڈینگی کنٹرول اجلاس میں شرکت کے لیے مدعو کیا گیا ہے۔جب کہ دوسری جانب ایک رپورٹ میں بتایا گیا کہ حکمہ صحت پنجاب نے ڈینگیکنٹرول پروگرام کے لیے من پسند افراد کی بھرتیوں کی تیاری کر لی ہے۔

(جاری ہے)

محکمے میں 15 سو ملازمین کی بھرتی کے لیے ذاتی پسند کی بنیاد پر ڈی سی کو لسٹیں بھجوا دی گئی ہیں۔ وزرا اور ایم پی ایز کی جانب سے ڈی سی کو بھجوائی گئی فہرستیں منظر عام پر بھی آ گئی ہیں جس سے تبدیلی سرکار کی تبدیلی کی قلعی کُھل گئی ہے۔ ڈیلی ویجز ملازمین کو مستقل کرنے کے معاملے پر بھی گڑ بڑ دیکھنے میں آئی اور محکمہ میں پانچ ، پانچ سالوں سے کام کرنے والوں کو نظر انداز کر دیا گیا۔

ڈی سی کو بھجوائی جانے والی فہرستوں سے متعلق انکشاف کے بعد پنجاب حکومت کے اقدامات کو سخت تنقید کا نشانہ بنایا گیا۔ سوشل میڈیا صارفین کا کہنا تھا کہ اگر محکمہ میں ملازمتیں آئی تھیں تو پنجاب حکومت کو اس حوالے سے اخبارات میں اشتہارات دینے چاہئیے تھے اور میرٹ پر اُترنے والے اُمیدواروں کے انٹرویوز کیے جانا چاہئیے تھے لیکن محکمہ کی جانب سے ایسا کچھ بھی نہیں کیا گیا جو قابل مذمت ہے۔