سپیکر قومی اسمبلی کا ایرانی پارلیمنٹ میں کشمیری عوام پر بھارتی مظالم کے خلاف قراردادکی منظور ی پر اظہار تشکر

ایران کی مجلس شوریٰ میں کشمیری عوام کے ساتھ یکجہتی کے لئے منظور کردہ قرارداد کشمیری عوام سے گہری وابستگی کی مظہر ہے،سپیکر اسد قیصر

ہفتہ 24 اگست 2019 16:13

سپیکر قومی اسمبلی کا ایرانی پارلیمنٹ میں کشمیری عوام پر بھارتی مظالم ..
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 24 اگست2019ء) سپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر نے ایرانی پارلیمنٹ میں کشمیری عوام پر بھارتی مظالم کے خلاف قراردادکی منظور ی پر اظہار تشکرکرتے ہوئے کہا ہے کہ ایران کی پارلیمان کی طرف سے کشمیر ی عوام کے حق میں قراداد کی منظوری خوش آئند ہے،انھوں نے کہا کہ ایران کی مجلس شوریٰ میں کشمیری عوام کے ساتھ یکجہتی کے لئے منظور کردہ قرارداد کشمیری عوام سے گہری وابستگی کی مظہر ہے۔

قومی اسمبلی سیکرٹریٹ میڈیا ونگ سے جاری بیان کے مطابق یہ قرارداد سپیکر قومی اسمبلی کے ایرانی سپیکر ڈاکٹر علی لاریجانی سے ٹیلیفونک رابطے کے نتیجے میں منظور کی گئی ہے۔سپیکر نے اپنے ایرانی ہم منصب سے ٹیلیفون پر رابطہ کر کے کشمیر کی عوام پر ڈھائے جانے والے مظالم سے آگاہ کرتے ہوئے ان کے خلاف آواز بلند کرنے کے لئے کہا تھا۔

(جاری ہے)

اسد قیصر نے کہا کہ دیگر دوست ممالک بھی ایرانی مجلس شوری کی طرح اپنی پارلیمانوں میں کشمیر کی ابترصورتحال پر آواز بلند کریں۔

ان کا کہنا تھا کہ عالمی برادری کشمیری عوام پر ڈھائے جانے والے مظالم کا نوٹس لے اور اس مسئلہ کشمیر کے منصفانہ حل کے لیے کردار ادا کرے۔ سپیکر نے کہا کہ بھارتی ظلم و جبر کشمیری عوام کی آواز کو نہیں دبا سکتا ،مقبوضہ جموں وکشمیر میں مکمل کرفیوکا نفاذ اور مواصلاتی نظام کی بندش افسوس ناک ہے۔انھوں نے کہا کہ کشمیر میں مسلمانوں کو مذہبی فرائض کی ادائیگی سے روکنا بنیادی حقوق سنگین خلاف ورزی ہے،ان کا کہنا تھا کہ مسئلہ کشمیر کواقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی قرادادوں کے مطابق حل کرنا جنوبی ایشیا میں پائیدار امن کے قیام کے لیے ناگزیر ہے۔