پیسہ بٹورنا اور لوگوں کو نچوڑنا حکومت کی معاشی پالیسی بن چکی ہے ‘سراج الحق

ناکام معاشی پالیسیوں کیوجہ سے پریشان اور بدحال ہے ، آج پشاورمیںکشمیر بچائو مارچ ہوگا ‘ امیر جماعت اسلامی

ہفتہ 24 اگست 2019 16:26

پیسہ بٹورنا اور لوگوں کو نچوڑنا حکومت کی معاشی پالیسی بن چکی ہے ‘سراج ..
لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 24 اگست2019ء) امیر جماعت اسلامی سینیٹر سراج الحق نے کہاہے کہ پیسہ بٹورنا اور لوگوں کو نچوڑنا حکومت کی معاشی پالیسی بن چکی ہے ، حکومت ایک سال گزرنے کے باوجود معیشت کو ٹریک پر نہیں لاسکی ، ہر پاکستانی حکومت کی ناکام معاشی پالیسیوں کی وجہ سے پریشان اور بدحال ہے ، 25 اگست کو پشاور میں کشمیر بچائو مارچ سے بھارت کو اندازہ ہو جائے گا کہ پاکستانی ہر مقابلے کے لیے تیار ہیں ۔

ان خیالات کااظہار انہوںنے منصورہ میں مختلف وفود سے گفتگو کرتے ہوئے کیا ۔ سراج الحق نے کہاکہ ٹویٹ اور پریس کانفرنسوں میں وعدوں اور اعلانات سے کب تک کام چلے گا عوام ریلیف چاہتے ہیں مگر مہنگائی اور بے روزگاری میں مسلسل اضافہ ہورہاہے ۔ حکومت کہتی تھی کہ ایک سال مشکل ہے عوام گھبرائیں نہیں، مگر سال گزرنے کے بعد بھی وہی باتیں، وہی وعدے اور اعلانات ہیں ۔

(جاری ہے)

حکومت اب تک ملنے والے قرضوں اور امداد کی شرائط سے قوم کو آگاہ کرے۔ انہوں نے کہاکہ حکومت نے احتساب کا بہت شور مچارکھا تھا مگر ابھی تک باہر منتقل کی گئی دولت میں سے ایک ڈالر بھی قومی خزانے میں لانے میں کامیاب نہیں ہوئی ۔سینیٹر سراج الحق نے کہاکہ 25 اگست کو پشاور میں ہونے والے کشمیر بچائو مارچ میں لاکھوں لوگ کشمیریوں کے ساتھ اپنی محبت اور یکجہتی کا اظہار کریں گے ۔ کشمیر بچائو مارچ کشمیریوں کو حوصلہ دے گا اور بھارت کو یہ پیغام جائے گا کہ پاکستان کے بائیس کروڑ عوام اپنے کشمیری بھائیوں کے ساتھ کھڑے ہیں اور آخری سانس تک کھڑے رہیں گے ۔