رانا ثناء اللہ کے جوڈیشل ریمانڈ میں 5روز کی توسیع ،

آئندہ سماعت پر اے این ایف حکام کو ریکارڈ پیش کرنے کا حکم

ہفتہ 24 اگست 2019 16:29

رانا ثناء اللہ کے جوڈیشل ریمانڈ میں 5روز کی توسیع ،
لاہور اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 24 اگست2019ء) لاہور کی انسداد منشیات کی خصوصی عدالت نے مسلم لیگ (ن) پنجاب کے صدر، ممبر قومی اسمبلی رانا ثنااللہ اوردیگر کی ضمانت پر رہائی کے لیے دائر درخواست پر اینٹی نارٹکس فورس کو 28گست کے لیے نوٹس جاری کر دیا۔ گذشتہ روز رانا ثنا اللہ کو جوڈیشل ریمانڈ کی مدت ختم ہونے پر جج مسعود ارشد کی عدالت میں پیش کیا گیا۔

عدالت نے رانا ثنااللہ کو روسٹرم پر بلوایا اور ان کے دستخط کے بعد سی سی ٹی وی فوٹیج سیل کر دی۔عدالت نے سی سی ٹی وی فوٹیج کی سی ڈیز رانا ثنا اللہ سمیت دیگر ملزمان کو بھی فراہم کر دیں۔رانا ثنااللہ کے وکلا ء نے درخواست ضمانت پر دلائل دیئے اور نقطہ اٹھایا کہ آئین ہر شہری کی نقل و حرکت کی آزادی کی ضمانت دیتا ہے جبکہ رانا ثنااللہ کو تفتیش مکمل ہونے کے بعد جیل میں رکھنے کا کوئی جواز نہیں۔

(جاری ہے)

اینٹی نارکوٹکس حکام نے دلائل کے لیے مہلت کی استدعا کی جس پر عدالت نے درخواست ضمانت پر اے این ایف کو28 اگست تک کیلئے نوٹس جاری کردیا۔رانا ثناء اللہ کے وکلا ء نے عدالت سے استدعا کرتے ہوئے کہا کہ اے این ایف کی جانب سے جو دستاویزات دی جارہی ہیں انہیں پڑھنے کا موقع دیا جائے۔دوسری جانب اینٹی نار کوٹس فورس نے عدالت میں ایک درخواست دائر کی ہے جس میں رانا ثنااللہ کے اثاثے منجمد کرنے کی استدعا کی گئی ہے۔

عدالت نے درخواست پر ابتدائی کارروائی کے بعد رانا ثنااللہ کو 7 ستمبر کے لیے نوٹس جاری کر دیئے ہیں۔عدالت کے سامنے اینٹی نارکوٹکس فورس نے رانا ثنااللہ کو ان کا پرس اور گھڑی واپس کر دی۔عدالت نے آئندہ سماعت پر اے این ایف حکام کو ہر صورت کیس کا ریکارڈ پیش کرنے کا حکم دیتے ہوئے رانا ثنا اللہ کے جوڈیشل ریمانڈ میں 5روز کی توسیع کر دی۔رانا ثناء اللہ نے کمرہ عدالت میں اپنی اہلیہ سے ملاقات بھی کی جبکہ مسلم لیگ (ن) کی رہنما عظمی بخاری اور رانا ارشد بھی عدالت میں موجود تھے۔