Live Updates

حکومت کاروبار کرنے میں آسانیاں پیدا کرنے پر بھرپور توجہ دے رہی ہے،

وزیراعظم عمران خان کاروباری طبقہ کے مسائل ترجیحی بنیادوں پرحل کرنا چاہتے ہیں، ملک میں دہشت گردی کے خاتمہ سے سیاحت کا شعبہ ترقی کررہا ہے، مسئلہ کشمیر کے فوری حل کیلئے بین الاقوامی برادری اپنا کردار ادا کرے، جیمز اینڈ جیولری کے شعبہ کی ترقی کے لئے وابستہ افراد کی تربیت اور انہیں جدید ٹیکنالوجی سے لیس کرنا نا گزیر ہے راولپنڈی چیمبر اور ٹی ڈی اے پی کے زیراہتمام جیمز اینڈ جیولری نمائش کے موقع پر تقریب سے خطاب

ہفتہ 24 اگست 2019 16:37

حکومت کاروبار کرنے میں آسانیاں پیدا کرنے پر بھرپور توجہ دے رہی ہے،
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 24 اگست2019ء) وفاقی وزیربرائے بین الصوبائی رابطہ ڈاکٹر فہمیدہ مرزا نے کہا ہے کہ حکومت کاروبار کرنے میں آسانیاں پیدا کرنے پر بھرپور توجہ دے رہی ہے، وزیراعظم عمران خان کاروباری طبقہ کے مسائل ترجیحی بنیادوں پرحل کرنا چاہتے ہیں، ملک میں دہشت گردی کے خاتمہ سے سیاحت کا شعبہ ترقی کررہا ہے، مسئلہ کشمیر کے فوری حل کیلئے بین الاقوامی برادری اپنا کردار ادا کرے، جیمز اینڈ جیولری کے شعبہ کی ترقی کے لئے وابستہ افراد کی تربیت اور انہیں جدید ٹیکنالوجی سے لیس کرنا نا گزیر ہے جس سے قیمتی نوادرات کی برآمدات کو بڑھایا جا سکتا ہے۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے ہفتہ کوراولپنڈی چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری(آر سی سی آئی) اور ٹریڈ ڈویلپمنٹ اتھارٹی آف پاکستان (ٹی ڈی اے پی) کے زیراہتمام تین روزہ جیمز اینڈ جیولری نمائش کے موقع پر تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

(جاری ہے)

ڈاکٹر فہمیدہ مرزا نے کہا کہ اللہ تعالیٰ نے پاکستان کو بے شمار نعمتوں سے نوازا ہے جہاں دنیا بھر کے مقابلے میں اعلی معیار کی قیمتی نوادرات موجود ہیں، ہمارے زیورات اور قیمتی پتھر دنیا میں اپنا مقام رکھتے ہیں مگر ہمیں ان وجوہات کا سد باب کرنا ہوگا جس کی وجہ سے یہ شعبہ دنیا میں اپنا جائز مقام حاصل نہیں کرسکا۔

انہوں نے کہا کہ لوگ یہاں سے قیمتی پتھر، نوادرات لے جاتے ہیں اور ان کو گرانقدر بنا کر چار گنا منافع کما رہے ہیں اگر ہمارے اپنے ہنر مند افراد دلچسپی لیں تو ہم برآمدات میں اضافہ کرسکتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اس نمائش کے اہتمام پر آر سی سی آئی اور ٹی ڈی اے پی کی کوششوں کو سراہا جس سے قیمتی پتھروں کے کاروبار سے وابستہ افراد کو اپنی نوادرات نہ صرف مقامی بلکہ بین الاقوامی مارکیٹ میں متعارف کرانے کا موقع ملے گا۔

ڈاکٹر فہمیدہ مرزا نے کہا کہ بیلجیئم کی ایک کمپنی کے وفد نے پاکستان کا دورہ کیا جس سے سرٹیفیکیشن کے حصول کے حوالے سے بھی بات چیت ہوئی ہے کیونکہ بیلجیئم جواہرات اور نوادرات کے شعبہ میں بین الاقوامی سطح پر اپنا ایک مقام رکھتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہماری لیبرکوباقاعدہ تربیت نہ ہونے کی وجہ سے بلاسٹنگ کے دوران قیمتی پتھروں کا ضائع ہو جاتا ہے جس کیلئے ہمیں جدید ٹیکنالوجی کا سہارا لینا ہوگا تاکہ پتھروں کے حصول کے دوران نقصان کم سے کم کیا جا سکے۔

انہوں نے کہا کہ اس حوالے سے آر سی سی آئی اورملک کے دیگر چیمبرز لیبر کی تربیت کیلئے تربیتی پروگرامز شروع کریں اور اسی حوالے سے ہماری وزارت اور نیوٹیک ان کی معاونت کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت کاروبار کرنے میں آسانیاں پیدا کرنے پر بھرپور توجہ دے رہی ہے اور وزیراعظم عمران خان کاروباری طبقہ کے مسائل ترجیحی بنیادوں پر حل کرنا چاہتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ کاروبار کرنے میں آسانی پیدا کرنیکی درجہ بندی میں پاکستان نے بہتری حاصل کی ہے کیونکہ موجودہ حکومت اس شعبہ پر خصوصی توجہ دے رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہمیں باہمی اتحاد سے ملکی مسائل حل کرنا ہونگے ، ہماری مسلح افواج نے دہشت گردی کے خلاف جنگ میں بے شمار قربانیاں دے کر ملک میں امن قائم کیا ہے جس سے سیاحت کے شعبہ کو وسعت مل رہی ہے۔

ڈاکٹر فہمیدہ مرزا نے کہا کہ پاکستان کی ثقافت اور خوشیوں کے تہوار میں زیورات کو ایک خاص اہمیت حاصل ہے اور مقامی زیورات ، جواہرات اورقیمتی پتھر دنیا میں اپنا مقام رکھتے ہیں۔ کشمیرکے حوالے سے بات چیت کرتے ہوئے وفاقی وزیر نے کہا کہ بین الاقوامی برادری کو مسئلہ کشمیر کے حل پر سنجیدگی کا مظاہرہ کرنا چاہئے، بھارت جس طرح کشمیرمیں انسانی حقوق کی خلاف ورزیاں کررہا ہے انہیں فوری طور پر روکا جائے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کی تاجر برادری نے کشمیری بھائیوں سے محبت کا اظہار کرتے ہوئے بھارت کے ساتھ تجارت کا بائیکاٹ کیا ہے وہ قابل تحسین ہے۔
Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات