مودی کے شکر گزار ہیں جنہوں نے احمقانہ حرکت کر کے نہ صرف تنازعہ کشمیر کو دنیا کی توجہ کا مرکز بنایا بلکہ پوری پاکستانی اور کشمیری قوم کو بھی متحد کر دیا ،

مودی کی جماعت اور اس کے سیاسی اتحادی جس راستے پر چل رہے ہیں وہ بھارت کے مسلمانوں اور دوسری اقلیتوں کو متحد کر دے گا ،ایک وقت آئے گا جب کشمیر میں بھارت کا نام لیوا کوئی نہیں رہے گا صدر آزاد کشمیر سردار مسعود خان کاماڑی پٹرولیم کمپنی کے زیر اہتمام کشمیر یکجہتی ریلی سے خطاب

ہفتہ 24 اگست 2019 16:37

مودی کے شکر گزار ہیں جنہوں نے احمقانہ حرکت کر کے نہ صرف تنازعہ کشمیر ..
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 24 اگست2019ء) آزاد جموں و کشمیر کے صدر سردار مسعود خان نے کہا ہے کہ ہم بھارتی وزیراعظم نریندر مودی کے شکر گزار ہیں جنہوں نے احمقانہ حرکت کر کے نہ صرف تنازعہ کشمیر کو دنیا کی توجہ کا مرکز بنایا بلکہ پوری پاکستانی اور کشمیری قوم کو بھی متحد کر دیا ، مودی کی جماعت اور اس کے سیاسی اتحادی جس راستے پر چل رہے ہیں وہ بھارت کے مسلمانوں اور دوسری اقلیتوں کو متحد کر دے گا اور ایک وقت آئے گا جب کشمیر میں بھارت کا نام لیوا کوئی نہیں رہے گا ۔

اسلام آباد میں ماڑی پٹرولیم کمپنی کے زیر اہتمام کشمیر یکجہتی ریلی سے خطاب کرتے ہوئے صدر آزاد کشمیر نے کہا کہ مودی حکومت نے ظلم و بربریت اور دہشت گردی میں نازی جرمنی کو بھی پیچھے چھوڑ دیا اور پورے مقبوضہ جموں و کشمیر کو گیس چیمبر میں تبدیل کر دیا لیکن مودی کو ہٹلر اور اس کی نازی جماعت کے انجام سے سبق سیکھنا چاہئے جس کے مظالم دنیا کی تاریخ میں سیاہ ترین باب کے طور پر آج بھی موجود ہیں ۔

(جاری ہے)

تقریب سے آزاد کشمیر کی سابق وزیر فرزانہ یعقوب ، سکھ کمیونٹی کے رہنما ڈاکٹر سردار پرتاپ سنگھ ، بشپ ندیم کامران ، شان شاہد اور دیگر مقررین نے بھی خطاب کیا جبکہ ماڑی پٹرولیم کمپنی کے منیجنگ ڈائریکٹر لیفٹیننٹ جنرل (ر) اشفاق ندیم احمد ، جنرل منیجر (ایڈمن ) بریگیڈیئر شہریار خان ، جنرل منیجر بریگیڈیئر غفار بھی اس موقع پر موجود تھے ۔ صدر آزاد کشمیر نے اپنے خطاب میں کہا کہ بھارت نے ایک لاکھ اسی ہزار تازہ دم فوج کے ساتھ کشمیر پر چڑہائی کی اور پوری مقبوضہ وادی کو پچھلے بیس دن سے محاصرے میں لے رکھا ہے جہاں کرفیو اور میڈیا بلیک آئوٹ کے باعث کوئی اطلاع اندر سے باہر آ رہی ہے اور نہ ہی باہر سے اندر جا رہی ہے ۔

انہوں نے کہا کہ بھارتی حکمران چاہتے ہیں کہ کشمیریوں کو بھوکا، پیاسا اورگھروں کے اندر مقید رکھ کر بھارت کی نا جائز غلامی قبول کرنے پر مجبور کیا جائے لیکن بہادر کشمیری قوم اسے کبھی قبول نہیں کرے گی، بھارت نے جس جنگ کو کشمیری قوم پر مسلط کیا ہے اس کو کشمیری عوام اختتام تک پہنچائیں گے اور بھارت کو عبرت ناک شکست سے دو چار کریں گے ۔ بھارتی آئین کے آرٹیکل 370 کا ذکر کرتے ہوئے صدر سردار مسعود خان نے کہا کہ یہ دراصل غلامی کی ایک دستاویز اور کشمیریوں کے ساتھ دھوکہ اور فریب کا معاہدہ تھا جس کا مقصد شیخ عبداللہ اور دوسرے بھارت نواز سیاستدانوں کو کشمیریوں کی خواہشات اور جذبات کے برعکس پاکستان سے برگشتہ کر کے انہیں نئی دہلی کی جھولی میں ڈالنا تھا ،ہمیں اس آرٹیکل کے اختتام کا کوئی غم نہیں ہے تاہم آرٹیکل 35 A کا خاتمہ ایک گہر ی سازش ہے جس کا مقصد کشمیریوں کو ا ن کی شہریت ، جائیداد کی ملکیت اور تعلیم کے حقوق سے محروم کرنا اور کشمیر میں آبادی کے تناسب میں تبدیلی لا کر مسلم اکثریت کو اقلیت میں تبدیل کرنا ہے ، جموں و کشمیر کے عوام بھارت کی اس مکروہ سازش کو کبھی کامیاب نہیں ہونے دیں گے ۔

اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کو جموں و کشمیر کے معاملہ میں دوہرا معیار اختیار کرنے پر تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے صدر سردار مسعود خان نے کہا کہ اسی سلامتی کونسل نے مالی کے بحران کو حل کرنے کے لیے راتوں رات اپنا اجلاس بلا کر اس مسئلہ کو حل کرایا اور آخر کیا وجہ ہے کہ مقبوضہ کشمیر کے سنگین ترین بحران کے حل کے لئے وہ پاکستان کے وزیر خارجہ کے با ضابطہ خط کا انتظار کرتے رہے اور بھارت کو مقبوضہ کشمیر میں انسانی جانوں سے کھیلنے کا موقع دیا۔