Live Updates

اگر اب جنگ ہوئی تو یہ آخری ہوگی اور روایتی نہیں ہوگی،شیخ رشید احمد

اللہ تعالیٰ نے کشمیر کو پاکستان سے ملانے کا فیصلہ کرلیا ہے اور ہٹلر مودی نے بہت بڑی غلطی کردی ہے ،سری نگر کی آواز پاکستان کی آواز ہوگی،خان صاحب سمجھتے ہیں کشمیر کا معاملہ ایک دو ماہ میں آرپار ہوجائیگا ، چین پاکستان کے ساتھ چٹان کی طرح کھڑا ہے اور ہمیں بھی اس کے ساتھ کھڑا ہونا ہے، وفاقی وزیر کا ریلی سے خطاب

ہفتہ 24 اگست 2019 16:54

اگر اب جنگ ہوئی تو یہ آخری ہوگی اور روایتی نہیں ہوگی،شیخ رشید احمد
دھیر کوٹ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 24 اگست2019ء) وزیر ریلوے شیخ رشید احمد نے بھارت کو خبردار کرتے ہوئے کہا ہے کہ اگر اب جنگ ہوئی تو یہ آخری ہوگی اور روایتی نہیں ہوگی،اللہ تعالیٰ نے کشمیر کو پاکستان سے ملانے کا فیصلہ کرلیا ہے اور ہٹلر مودی نے بہت بڑی غلطی کردی ہے ،سری نگر کی آواز پاکستان کی آواز ہوگی،خان صاحب سمجھتے ہیں کشمیر کا معاملہ ایک دو ماہ میں آرپار ہوجائیگا ، چین پاکستان کے ساتھ چٹان کی طرح کھڑا ہے اور ہمیں بھی اس کے ساتھ کھڑا ہونا ہے ۔

بھارتی مظالم کے خلاف نکالی گئی ریلی سے خطاب کرتے ہوئے انہوںنے کہاکہ جنگ ہوئی تو بھارت کی زمین پر گھاس نہیں اگے گی اور وہاں گھنٹیاں نہیں بجیں گی۔انہوں نے کہا کہ 11 ماہ تک پاک فوج لائن آف کنٹرول (ایل او سی) پر بھارتی فوج کی آنکھوں میں آنکھیں ڈال کر بیٹھی رہی۔

(جاری ہے)

شیخ رشید نے کہا کہ اللہ تعالیٰ نے کشمیر کو پاکستان سے ملانے کا فیصلہ کرلیا ہے اور ہٹلر مودی نے بہت بڑی غلطی کردی ہے۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان کرکٹ ٹیم جیت جاتی ہے تو مقبوضہ کشمیر میں چھ کشمیری شہید کردئیے جاتے ہیں۔انہوںنے کہاکہ 72 سال سے ہماری فوج آج کے دن کیلئے تیار ہوئی اور اسی دن کی منتظر تھی، آج نہ لائن آف کنٹرول ہے اور نہ ہی شملہ معاہدہ۔وزیر ریلوے نے کہا کہ مقبوضہ کشمیر میں اشیائے خورونوش ہے نہ ہی ادویات، وہاں لوگوں پر مظالم ڈھائے جارہے ہیں۔

انہوںنے کہاکہ میں جانتا ہوں مودی حملہ نہیں کرسکتا کیوں کہ اگر اب پاکستان پر حملہ ہوا تویہ آخری جنگ ہوگی۔ شیخ رشید نے کہا کہ سری نگر کی آواز پاکستان کی آواز ہوگی۔انہوں نے کہا کہ واجپائی کے مذاکرات میں بھی شامل تھا جنہوں نے کہا کہ اگر شیخ رشید وزیرمہانداری ہوتو پاکستان نہیں آرہا۔شیخ رشید نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان نے کہا اب مذاکرات کے دروازے بند ہوچکے ہیں، یہ فیصلہ سر آنکھوں پر اور اس کو سلام پیش کرتا ہوں۔

انہوں نے کہا کہ ساری قوم وزیراعظم عمران خان کا ساتھ دے جنہوں نے کشمیر کے حوالے سے امریکی پالیسی کو غیر جانبدار کیا۔وزیر ریلوے شیخ رشید احمد نے کہا کہ کشمیر پر سلامتی کونسل کی قرارداد ختم ہوچکی ہے۔انہوں نے کہا کہ مارچ تک کا وقت دنیائے سیاست کے لیے بہت اہم ہے، کشمیر کا مسئلہ اب حل ہونا ہے، دنیا جان لے کشمیری قوم، فلسطینی اور بوسنیا کی قوم جیسی نہیں۔

انہوںنے کہاکہ خان صاحب سمجھتے ہیں کشمیر کا معاملہ ایک دو ماہ میں آرپار ہوجائیگا جبکہ میں سمجھتا ہوں کہ یہ معاملہ پانچ سے چھ ماہ میں آرپار ہوجائیگا۔انہوں نے کہا کہ مودی کو غلط فہمی ہے، فیصلے کا وقت آگیا تو بھارت میں ہر مسلمان کے گھر سے نعرہ تکبیر بلند ہوگا۔انہوں نے کہا کہ سمندر پار پاکستانیوں سے کہتا ہوں کہ پاکستان کا جھنڈا لے کر باہر نکلیں، ہمیں سفارت کاری کرنی ہے اور مودی کو بھی بے نقاب کرنا ہے۔

شیخ رشید نے کہا کہ چین پاکستان کے ساتھ چٹان کی طرح کھڑا ہے اور ہمیں بھی اس کے ساتھ کھڑا ہونا ہے کیوں کہ چین آزمودہ دوست ہے۔شیخ رشید کا کہنا تھا کہ مقبوضہ کشمیر کو اندر سے جانتا ہوں، میرے اجداد کی قبریں وہاں ہیں۔ لال حویلی کا رشتہ سرینگر سے ہے۔ نازی مودی کے اقدام سے مسئلہ کشمیر اور اجاگر ہوا۔ ساری دنیا مودی کے خلاف ہوتی جارہی ہے
Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات