محکمہ زراعت پنجاب نے کروڑوں روپے مالیت کی زائد المیعاد زرعی ادویات بر آمد کر لیں

ہفتہ 24 اگست 2019 17:26

راولپنڈی 24اگست(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 24 اگست2019ء) محکمہ زراعت پنجاب نے غیر معیاری وناقص زرعی ادویات کے خلاف گرینڈ آپریشن کے دوران 5کروڑ روپے سے زائد مالیت کی زائد المیعاد زرعی ادویات بر آمد کر لیں۔ محکمہ زراعت پنجاب کے ترجمان نے ’’اے پی پی‘‘ کو بتایاکہ وزیرزراعت پنجاب ملک نعمان احمد لنگڑیال کی ہدایت پر زرعی ادویات وکھادوں میں ملاوٹ کی شرح کو صفر فیصد پر لانے کیلئے زرعی ٹاسک فورس کاصوبہ بھر میں کریک ڈائون جاری ہے۔

اس ضمن میں زرعی ٹاسک فورس پنجاب نے ایڈیشنل سیکرٹری ٹاسک فورس پنجاب رانا علی ارشد اور ڈائریکٹر جنرل پیسٹ وارننگ اینڈ کوالٹی کنٹرول آف پیسٹی سائیڈز سید ظفر یاب حیدر کی سربراہی میں جمعرات کو کامیاب کارروائی کی زائد المیعاد ادویات بر آمد کیں ۔

(جاری ہے)

ترجمان نے قومی خبر ایجنسی کو بتایاکہ ڈائریکٹر پیسٹ وارننگ کاٹن زون ڈاکٹر محمد اسلم ،ڈپٹی ڈائریکٹر چوہدری محمد اشرف اوراسسٹنٹ ڈائریکٹر پیسٹ وارننگ شاہد حسین پر مشتمل ٹیم نے ایگریکس انٹرنیشنل کے وئیر ہائوس پر چھاپہ مارا۔

چھاپہ کے نتیجہ میں تقریباً 5 کروڑ 15 لاکھ روپے سے زائد مالیت کی زائد المعیاد (expired product) کلوڈینوفاپ کے سینکڑوں بیگ برآمد کرکے مقامی پولیس کے حوالے کر دیے ۔محکمہ نے چیف ایگزیکٹو ایگرو ٹری لائف سائنسز پرائیویٹ لمٹیڈاور ایان کراپ سائنسز پرائیویٹ کے سی ای او وسیم اخترکیخلاف متعلقہ تھانہ میں درخواست بھی دے دی ۔ اس موقع پر ایڈیشنل سیکرٹری ٹاسک فورس پنجاب رانا علی ارشدنے کہا کہ محکمہ زراعت حکومت پنجاب نے جعلی زرعی زہروں کے مکروہ دھندے میں ملوث عناصر کو کیفر کردار تک پہنچانے کا تہیہ کر رکھا ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ وزیر زراعت پنجاب کی قیادت میں زرعی ٹاسک فورس کاشتکاروں کو معیاری زرعی ادویات وکھادوں کی فراہمی یقینی بنانے کیلئے شب وروز کوشاں ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ زرعی ٹاسک فورس کے تحت جعلی زرعی ادویات وکھادوں کے ناسور کو جڑ سے اکھاڑ نے کیلئے متعدد عملی اقدامات اٹھائے گئے ہیں۔یاد رہے کہ کاشتکار کسی بھی مسئلہ کی صورت میںزرعی ادویات و کھادوں کے متعلق اپنی شکایات 0300-2955539 پر وٹس ایپ یا ایس ایم ایس کرسکتے ہیں۔